ریاست راجستھان میں کورونا وبا کی وجہ سے جہاں عام لوگ متاثر ہو رہے ہیں وہیں اب دوسری جانب اس کا اثر جانوروں پر بھی صاف طور پر نظرآرہا ہے۔
اس بات کا اندازہ یوں لگایا جا سکتا ہے کہ اب یہ بے زبان جانور جنگلات سے نکل کر شہر کی جانب رخ کر رہے ہیں اس وجہ سے شہر میں جگہ جگہ پر ان جانوروں کا ہجوم نظر آرہا ہے۔
ان جانوروں کو سڑک پر گھومتے ٹھلتے دیکھ کر لوگوں کے چہرے پر خوف کے آثار نمایاں ہیں، جبکہ کچھ لوگ ان جانوروں کے لیے کھانے پینے کا انتظام بھی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، ان میں سب سے زیادہ تعداد بندر کی ہے۔
دارالحکومت جے پور میں چار دیواری کے اندر چھوٹے بڑے بندر کافی زیادہ تعداد میں سڑکوں پر گھومتے نظر آ رہے ہیں، لاک ڈاؤن کے سبب الگ الگ علاقوں کے کتے جو کبھی رات کو اجنبیوں کو دیکھ کر بھونکا کرتے تھے اب دن کے اجالے میں علاقے کے لوگوں کو دیکھ کر ان پر بھونک رہے ہیں۔
جے پور کے آمیر علاقے میں رہنے والے بسنت کمار نے بتایا کہ جب سے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے تب سے کتوں پرندوں اور دیگر جانوروں کے کھانے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔