ریاست گیر سطح پر تمام بس ڈپوز پر دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے اور پولیس کو یہ ہدایت دی گئی ہیکہ ڈپوز کے اندر صرف عارضی ملازمین اور جوحکومت کی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے کام پر رجوع ہوئے، ان ملازمین کو اندر جانے اور کام کرنے کی اجازت دی جائے۔
ڈیوٹی پر رجوع ہونے کے خواہش مند آر ٹی سی ورکرز کو پولیس نے ڈپوز کے اندر داخل ہونے سے روک دیا اور زبردستی کرنے پر انھیں حراست میں لے لیا۔
ملازمین کو یہ بتایا گیا کہ اعلی افسران نے اس بات کی اجازت نہیں دی ہے کہ وہ دوبارہ ڈیوٹی پر رجوع بہ کار ہوں، آر ٹی سی کے انچارج مینجینگ ڈائریکٹر سنیل شرما نے ہڑتال سے دستبرداری سے متعلق اعلان کو مضحکہ خیزقرار دیا۔ انھوں نے ریمارک کیا کہ ملازمین اپنی مرضی کے مطابق ڈیوٹی پر حاضر اور غیر حاضر نہیں رہ سکتے ہیں، اور سرکاری شعبے کے اداروں میں اس طرح کی مرضی نہیں چلتی۔
انہوں نے ملازمین کی ہڑتال کو غیر قانونی قرار دیا اور کہا کہ آر ٹی سی ملازمین نے دسہرا اور دیوالی جیسے اہم تہواروں کے موقع پر ہڑتال کا آغاز کیا جس سے عوام کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ سنیل شرما نے کہا کہ ہائی کورٹ نے اس معاملے کو لیبر کمشنر کے سپرد کیا ہے آر ٹی سی انتظامیہ لیبر کمشنر کی ہدایت پر عمل پیرا ہوگا۔