ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد میں واقع ایم آئی ایم کے صدر دفتر دارالسلام میں آج کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے احیاء کے 63 برس مکمل کرنے پر آج پارٹی کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی نے پرچم کشائی کرنے کے بعد خصوصی خطاب بھی کیا۔
اویسی نے اپنے خطاب کے دوران مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہلی فسادات کو ایک برس مکمل ہوچکا ہے، جس میں متعدد افراد ہلاک بھی ہوگئے تھے، لیکن انھیں ابھی تک انصاف نہیں مل سکا ہے، انھوں نے کہا کہ اگر ملک میں ترقی اور امن و امان کو برقرار رکھنا ہے تو ملک کے تمام طبقے کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا۔
انھوں نے کاروان میگزین کا حوالہ دیتے ہوئے متعدد ہلاکتوں کا ذکر بھی کیا، جن کو ابھی تک انصاف نہیں ملا، ان کے ناموں کا ذکر کرکے اویسی نے ملک کے وزیراعظم سے انصاف کرنے کی اپیل کی ہے، اور کہا کہ بھارت کو مستحکم کرنے کے لیے مرکزی حکومت کو دہلی فسادات میں انصاف کرنا ہوگا۔
ایم آئی ایم کے صدر کورونا ٹیکہ کاری کے متعلق لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بغیر کسی ڈر اور خوف کے ٹیکہ لگوانا چاہیے اور سب سے پہلے اپنے اہل خانہ کے بڑے بوڑھوں کو ٹیکہ لگوانا چاہیے، اخیر میں بیرسٹر اویسی نے بھارت میں مجلس کو مزید مستحکم کرنے کی بھی اپیل کی۔
آزادی سے قبل 1926 میں ایم آئی ایم کی بنیاد رکھی گئی تھی، اور سنہ 1957ء میں مجلس اتحاد المسلمین کا احیاء عمل میں آیا، جس کے آج 63 برس مکمل ہوچکے ہیں اور پارٹی احیاء مجلس کے موقع پر جشن منا رہی ہے۔