تلنگانہ کے ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اپنے دفتر میں ٹی آر ایس پارٹی کے مرحوم اراکین کے اہل خانہ کو چیکس تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی حقیقی عوامی پارٹی ہے جو عوام کے دکھ درد کو محسوس کرکے ان کی مدد کرتی ہے۔
تلنگانہ راشٹرا سمیتی پارٹی کی رکن سازی مہم میں وعدہ کیا گیا تھا کہ پارٹی کی رکنیت حاصل کردہ اراکین کی کسی بھی طرح کے حادثہ میں وفات ہوجائے تو پارٹی کی جانب سے مہلوکین کے افراد خاندان کو دو لاکھ روپئے فراہم کئے جائیں گے۔ اب تک ٹی آر ایس پارٹی کے جتنے بھی اراکین کی حادثہ کی وجہ سے موت واقع ہوئی ہے ان کے ورثاء کو فی کس دو لاکھ روپئے دئے گئے ہیں۔
گوشہ محل حلقہ اسمبلی کے جھرہ کے متوطن بابو میاں اور محمد میاں نے سال 2021 میں ٹی آر ایس پارٹی کی رکنیت حاصل کی تھی۔ اسی سال ایک کار حادثہ میں دونوں جاں بحق ہوگئے۔ مرحومین کے افراد خاندان نے فیل خانہ کے سابق کارپوریٹر عقیل احمد سے رابطہ کرکے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
جس پر عقیل احمد نے مسلسل کوششیں کرتے ہوئے مرحومین کےحادثہ سے پارٹی کے اعلیٰ ذمہ داروں کو واقف کروایا۔ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے دونوں مرحومین کے بیواؤں شبانہ بیگم اور عابدہ بیگم کو فی کس دو لاکھ روپیوں کے چیکس منگل کو وزیر داخلہ محمد محمود علی کے ہاتھوں تقسیم کئے گئے جس پر مرحومین کے افراد خاندان نے وزیر داخلہ اور عقیل احمد کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر گوشہ محل کے پارٹی انچارج پریم سنگھ راٹھوڑ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔