ملک کے 80 اضلاع میں لاک ڈاؤن کے بعد مختلف ریاستوں کی حکومتوں نے لازمی خدمات کے علاوہ تمام طرح کی ٹرانسپوٹ سہولیات پر پابندی لگا نے کے بعد ٹیکسی آپریٹر کمپنی اوبر نے اپنی خدمات کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے جبکہ اولا نے اپنی خدمات کو ہنگامی ضروریات تک محدود کر دیا ہے۔
ریاستی حکومتوں کے مطابطق یہ تمام 80 شہر 23 سے 31 مارچ تک لاک ڈاؤن میں رہیں گے، جس کے تحت نجی بسوں، ٹیکسیوں اور آٹورکشا سمیت کسی بھی عوامی آمدورفت کی اجازت نہیں ہوگی۔
اوبر کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی نےکورونا وائرس سے تحفظ کے لئے مرکزی اور تمام ریاستی حکومتوں کی ہدایت کے مطابق اپنی خدمات کو عارضی معطل کردیا ہے۔
وہیں دوسری جانب اولا نے کہا کہ وہ اپنی خدمات ہنگامی ضروریات تک محدود کر رہا ہےاس کے لئے اس نے اپنی نیٹورک کو مخصوص کر دیا ہے، تاکہ ہنگامی حالات میں مدد پہنچائی جا سکے۔
ان دونوں کمپنوں نے پہلے ہی اپنے متعلقہ پلیٹ فارمز پر اپنی خدمات کو عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔
مرکز اور ریاستی حکومتوں نے ملک بھر کے 80 اضلاع کو مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں کورونا وائرس کے واقعات کی اطلاع ملی ہے۔
کوویڈ 19 سے تحفظ کے لئے جن اضلاع میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ان میں اترپردیش، مہاراشٹر، پنجاب، کرناٹک، تمل ناڈو، تیلنگانہ، کیرالہ سمیت دیگر مختلف ریاستوں کے شہر شامل ہیں۔