دارالحکومت دہلی میں لوگ بوند بوند پینے کے صاف پانی کے لئے ترستے ہیں، وہیں شمال مشرقی دہلی کے سلیم پور اسمبلی حلقہ کے گوتم پوری وارڈ میں دہلی جل بورڈ کی لاپروائی،عدم توجہی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کی وجہ سے پانی کے سپلائی لائن کی پائپ پھٹنے سے ہزاروں گیلن پانی ضائع ہو رہا ہے۔ جس کا کوئی پرسان حال نہیں۔
علاقے کے لوگ پینے کے پانی کے لئے پریشان ہیں اور ذمہ داران سوئے ہوئے ہیں۔ لاپرواہی کی وجہ سے پینے کا پانی اتنا ضائع ہو رہا ہے کہ آٹو ڈرائیور پینے کے پانی سے اپنا آٹو دھو رہے ہیں اور چھوٹے بچے بھی اس پینے کے پانی سے نہا رہے ہیں،
آپ تصویروں میں واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں کہ کیسے درمیانی روڈ پر پینے کے پانی کی لائن پھٹی ہوئی ہے۔
مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ اس پینے کے پائپ لائن کو پھٹے ہوئے ایک ہفتہ ہو چکاہے، کئی بار عام آدمی پارٹی کے علاقائی رکن اسمبلی عبدالرحمٰن کو لائن ٹوٹنے کی شکایت کی گئی ہے لیکن اس مسئلے کا کوئی حل نہیں نکلا ہے، جبکہ مقامی افراد کا یہ بھی کہنا ہے کہ پائپ لائن کے چند قدم کے فاصلے پر بی جے پی کارپوریشن کے کونسلر اور زون چیئرمین کے کے اگروال کا دفتر ہے۔
انہوں نے بھی اس مسئلے کو حل نہیں کیا ، تاہم ہفتہ سے یہ مسئلہ مستقل طور پر برقرار ہے۔
دوسری جانب دہلی حکومت دہلی میں پینے کا پورا پانی دینے کی بات کرتی ہے ،لیکن یہاں دہلی جل بورڈ کی صاف نظر آتی ہے۔ ہزاروں گیلن پینے کا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے۔
سپلائی لائن کے خراب ہونے کی وجہ سے ان علاقوں میں پینے کے پانی کی پریشانی ہے اور قائدین اپنی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں ۔