دہلی اسمبلی انتخابات کے بعد وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے آج وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ اس کی اطلاع اروند کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعہ دی۔
پریس کانفرس کے دوران کیجریوال نے بتایا کہ 'وزیرداخلہ امت شاہ اور ان کے درمیان دہلی میں ترقیاتی کاموں کے تعلق سے ملاقات کی گئی جو کہ کافی اچھی رہی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'امت شاہ اور ان کی میٹنگ بہت کامیاب رہی، دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی رضامندی کے ساتھ دہلی کے ترقیاتی کاموں کو کیسے فروغ دیا جائے۔ اس کے علاوہ دہلی کے مختلف اہم امور پر بھی غور و خوض کیا گیا۔'
تاہم جب دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال سے سوال کیا گیا کہ کیا امت شاہ اور ان کے درمیان شاہین باغ میں شہریت قانون کے خلاف جاری احتجاج سے متعلق بھی کوئی بات چیت کی گئی تو انہوں نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ میں ہمارے درمیان کوئی بھی بات نہیں کی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی کے شاہین باغ علاقہ میں گذشتہ 2 ماہ سے خواتین شہریت ترمیمی قانون اور این آرسی کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہی ہیں اور دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران بھی شاہین باغ کو ایک اہم موضوع بنایا گیا تھا۔