دارالحکومت دہلی میں جہاں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کیے جارہے ہیں وہیں بازاروں میں کافی زیادہ افواہیں بھی گشت کر رہی ہیں۔
ان افواہوں کی وجہ سے سب سے زیادہ چکن کے کاروبار متأثر ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ناگلوئی کے چکن مارکیٹ میں بھی کورونا وائرس کے اثر کی وجہ سے چکن کے دکانداروں کا کاروبار میں کافی کمی واقع ہورہی ہے۔
چکن دکانداروں کا کہنا ہے کہ ان کی کمائی تقریبا ختم ہو چکی ہے، کورونا کے خوف کی وجہ سے چکن میں لوگوں کی دلچسپی ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے اس کی وجہ سے چکن کی قیمت میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جو اب آدھی قیمت پر فروخت کی جارہی ہے۔
اسی ناگلوئی چکن مارکیٹ میں مرغی کے تاجر سمیر انصاری نے بتایا کہ کورونا وائرس کے بارے میں لوگوں میں افواہیں پھیل چکی ہیں لہذا مرغی کی فروخت قریب قریب ختم ہوچکی ہے جبکہ محکمہ فوڈ کی ہدایت ہے کہ اگر مرغی کو ابال دیا جائے تو لہذا اس میں وائرس کا کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔