سابق وزیر خزانہ آنجہانی ارون جیٹلی کے یوم پیدائش کے موقع پر ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ارون جیٹلی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی رسم ادا کی۔ اس مجسمے سے قبل کئی تنازعات ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود پیر کے روز وزیر داخلہ امت شاہ نے ان کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔
بشن سنگھ بیدی نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے
ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے مجسمے کی تنصیب کرنے سے متعلق کافی تنازعات کھڑے ہوئے ہیں۔ سابق کرکٹر بشن سنگھ بیدی نے بھی اس معاملے پر برہمی کا اظہار کیا اور ڈی ڈی سی اے سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے لئے انہوں نے ڈی ڈی سی اے کے صدر روحن جیٹلی کو ایک خط لکھا ہے جس میں اسٹیڈیم کے اسٹینڈ سے انہوں نے اپنا نام ہٹانے کی درخواست کی ہے۔
ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم کے احاطے میں منعقدہ اس پروگرام میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے بہت سے رہنما موجود تھے۔ بی سی سی آئی کے صدر سوراو گانگولی، مرکزی وزراء کرن رجیجو، انوراگ ٹھاکر، کرکٹر شیکھر دھون، سریش رائنا، گوتم گمبھیر اور دہلی کے کئی دوسرے ممبران پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔