دراصل گذشتہ دنوں دربھنگہ میں دلت نابالغ طالبہ جیوتی کی ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کیا گیا تھا جس پر ہنگامہ بھی ہوا تھا، تاہم اس سلسلے میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہورہی تھی۔ جس کے خلاف انصاف منچ اور اپیوا کے کارکنان نے سینئر ایس پی دربھنگہ کے دفتر کے سامنے دھرنا دیتے ہوئے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس موقعے پر مظاہرین نے منی گاچھی تحصیل کے راگھوپور مشرقی پنچایت سے مکھیا کے شوہر ریاض الدین کے قتل کی سازش کرنے والوں کی بھی گرفتاری سمیت دیگر کئی مطالبات کیے۔
دھرنا کی قیادت انصاف منچ کے ریاستی نائب صدر نیاز احمد کر رہے تھے۔ اس موقع پر انصاف منچ کے نائب صدر نیاز احمد نے کہا کہ' دلیت نابالغ طالبہ جیوتی کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کرنے والے اور محمد ناظم کے قاتلوں، اور مکھیا کے شوہر ریاض الدین کے قتل کے سازش کرنے والوں کو پولیس جلد بے نقاب کر کے گرفتار کرے۔'
انہوں نے کہا کہ' اگر دربھنگہ پولیس ایک ہفتے کے اندر ہمارے مطالبات پر کارروائی نہیں کرے گی تو ہم لوگ غیر معینہ مدت کے لیے دھرنے پر بیٹھ کر مظاہرہ کریں گے'۔
آج کے دھرنا میں جنگی یادو، دیویندر کمار، وسوناتھ پاسوان، للن پاسوان، پروین یادو اور دیگر کئی لوگوں نے بھی خطاب کیا۔
وہیں سینئر ایس پی کے دفتر میں نہ ہونے کی وجہ سے مظاہرین نے صدر ڈی ایس پی انوج کمار کے تبادلہ خیال کیا اور ڈی ایس پی کے ذریعے ان کے مطالبات پر کارروائی کرنے کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کیا۔