ریاست کرناٹک میں کووڈ-19 کی روک تھام کے سلسلے میں خوب ستائش کی جارہی ہے کہ یہاں دیگر ریاستوں کے مقابلے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو نہایت سنجیدگی سے لیا جارہا ہے۔ اس درمیان ویلفیئر پارٹی کرناٹک نے آر ٹی آئی ایکٹ کے ذریعے "سی ایم کووڈ-19 فنڈ" کے متعلق استفسار کیا تھا، جس کے جواب میں یہ پتہ چلا کہ اب تک کووڈ-19 ریلیف فنڈ اکاؤنٹ میں 2909814057 روپے موصول ہوئے ہیں۔
اس سے متعلق ویلفیئر پارٹی کرناٹک کے صدر ایڈووکیٹ طاہر حسین نے افسوس کا اظہار کیا کہ سی ایم کے کووڈ-19 ریلیف فنڈ کا ابھی تک کوئی استعمال نہیں ہوا ہے، جبکہ ریاست بھر میں اور خاص طور پر دارالحکومت میں کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
ریاست میں اب تک کورونا وائرس کے کل 15242 کیسز درج ہوئے ہیں اور اس مہلک مرض کے متاثرین کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے لیکن کووڈ 19 سے نمٹنے کے لیے سی ایم ریلیف فنڈ میں آئے پیسے کا استعمال تک نہیں ہوا ہے۔
ایڈووکیٹ طاہر حسین نے بی جے پی حکومت کو انتباہ کیا کہ اگر مذکورہ رقم کو اس مقصد کے لیے استعمال نہ کیا گیا تو وہ ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایں گے۔