شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں سڑکوں کی خستہ حالی سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، حاجن علاقے کے شکردین محلہ اور پرے محلہ کی درمیانی سڑک دھول اور مٹی سے پُر ہے جس کی وجہ سے یہاں چلنے پھرنے میں لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ اس سڑک پر میگڈم بچھایا جائے تاکہ انہیں مشکلات سے نجات ملے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک میں جگہ جگہ بڑے اور گہرے گڑھے ہیں جس کی وجہ سے سڑک پر چلنا دشوار کن ہوتا جارہا ہے، انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اس سڑک کی تعمیر کے علاوہ میگڈم بچھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ایک مقامی شہری نے بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں پہلے بھی کئی دفعہ انتظامیہ کو آگاہ کیا اور انہیں اس کی تعمیر کی گزارش کی تاہم ان کے مطابق اس کو نظرانداز کیا گیا.
انہوں نے دوبارہ اعلیٰ حکام کو اس بارے میں نظر ثانی کرنے اور اس سڑک کی تعمیرِ نو کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ لوگوں کو روز مرہ کے مرور و عبور میں دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔