علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے رجسٹرار دفتر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سبھی سربراہوں سے کہا گیا ہے کہ وہ شعبہ اور دفتر میں امتحان سے متعلق کاموں کے لیے کم سے کم ملازمین کو ڈیوٹی پر بلائیں جبکہ اساتذہ آن لائن کلاسز جاری رکھیں گے۔ سنیچر اور اتوار کو دفاتر بند رہیں گے اور دفتری ایام میں جن ملازمین کی دفتر میں ڈیوٹی نہیں ہے وہ اپنے گھروں سے کام کریں گے اور فون پر دستیاب رہیں گے۔
نوٹس کے مطابق طبی خدمات، صفائی، پانی اور بجلی، اقامتی ہال خدمات، سنٹر آٹو موبائل ورکشاپ، ٹیلیفون شعبہ، پروکٹر دفتر، کمپیوٹر سنٹر جیسی لازمی خدمات سربراہوں کی ہدایت کے مطابق جاری رہیں گی۔
یونیورسٹی کے عملے پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ہاتھوں کو مسلسل دھونے پر توجہ دیں ایک دوسرے سے فاصلہ قائم رکھے اور ماسک لازمی طور پر پہنیں۔ اے ایم یو رجسٹرار عبدالحمید (آئی پی ایس) نے کہا کہ لفٹ، سیڑھیوں، صحن، پارکنگ وغیرہ میں بھیڈ نہ لگائے۔ میٹنگ جہاں تک ممکن ہو آن لائن کی جائیں اور کیمپس میں بیرونی افراد کا داخلہ روکا جائے۔کنٹینمینٹ زون میں رہنے والے لوگوں کو ڈیوٹی سے چھوٹ رہے گی اور 60 سال سے زیادہ عمر کے ملازمین اپنے گھروں سے کام کریں گے، اس کے علاوہ یونیورسٹی ملازمین کو علی گڑھ سے باہر جانے کے لیے یونیورسٹی ضابطہ کے مطابق چھٹی کی درخواست کے ساتھ شہر سے باہر جانے کی اجازت لینی ہوگی۔