ریاست راجستھان کے ضلع اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر ہزاروں عقیدت مند حضرات اپنی مرادیں اور منتیں پوری کرانے کے مقصد سے آتے ہیں اور ساتھ میں رنگ برنگ کی چادریں بھی پیش کرتے ہیں۔
متعدد چادروں میں سے ایک ایسی چادر جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی وہ ترنگا چادر تھی جسے ایک گجراتی خاندان پیش کرنے کے لیے لایا تھا جس چادر کو دیکھنے کے بعد لوگوں میں الگ ہی جوش تھا۔
لوگوں کے ہاتھوں میں ترنگا چادر اور لب پر خواجہ خواجہ کے نغمے تھے یہ نظارہ اجمیر شریف درگاہ کے اہم درگاہ بازار کا تھا جہاں گجرات کے خاندان نے ترنگا چادر کا جلوس بڑی شان و شوکت کے ساتھ نکالا۔
خواجہ صاحب کے آستانہ شریف میں پیش کی گئی اس چادر کی خصوصیت یہ تھی کی اس چادر کے ترنگا ہونے کے ساتھ ساتھ اس پر بھارت کا نقشہ اور مکہ و مدینہ شریف کی چابی مبارک بھی بنی ہوئی تھی اس کے علاوہ قرآن شریف کی چند آیات اور کلمے بھی خوبصورت انداز میں لکھے ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سات برسوں سے مسلسل خواجہ صاحب کی بارگاہ میں حاضری دینے والے قریشی خاندان کی طرف سے یہ ترنگا چادر کا جلوس نکالا جاتا رہا ہے یوں تو خواجہ صاحب کی درگاہ پر تمام عقیدت مند اپنی اپنی جانب سے مختلف انداز میں چادر پوشی کی رسم ادا کرتے ہیں لیکن گجرات کے امریلی ضلع سے آئے شبیر بھائی قریشی کے خاندان کی ترنگا چادر خواجہ صاحب کی درگاہ میں لوگوں کا توجہ اپنی طرف کھنچتا رہا۔