عام طور پر یہ دیکھا جارہا ہے کہ مسجدوں اور درگاہوں میں نوجوان نسل موبائیل فون کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔ نوجوانوں کو اکثر مذہبی مقامات پر ویڈیو گرافی کرتے ہوئے یا سوشیل میڈیا کا منفی انداز میں استعمال کرتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔
راجستھان کے تاریخی شہر اجمیر میں واقع عالمی شہرت یافتہ درگارہ اجمیر شریف میں بھی نوجوانوں کو موبائیل فون کا نامناسب استعمال کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس طرح کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کےلیے درگاہ کمیٹی سے شیخ زادہ حسام الدین چشتی نے درخواست کی ہے۔
شیخ زادہ حسام الدین چشتی کے مطابق درگاہ کی شاہجہانی مسجد کے احاطہ کو زائرین تفریحی مقام کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے۔ خواتین، بچوں، بوڑھوں اور نوجوانوں کی جانب سے یہاں فلم بندی کی جارہی ہے۔ عبادت گاہ میں نامناسب اور بے ادبی پر مبنی ویڈیوز بنائے جارہے ہیں۔ ویڈیوز میں فلمی نغمے، ڈائلاگ کے علاوہ بدکلام جملے بھی کہے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے ویڈیوز بناکر سوشیل میڈیا پر وائرل کیا جارہا ہے، جس سے عوام میں غلط پیغام جارہا ہے اور عبادت گاہ کی بیحرمتی ہورہی ہے۔ درگاہ کے خادم شیخ زادہ حسام الدین چشتی نے اس معاملہ کی شکایت درگاہ کمیٹی سے کی ہے اور ایسی سرگرمیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
اجمیر: افغان سفیر کی خواجہ کے دربار میں حاضری
شیخ زادہ حسام الدین چشتی نے بتایا کہ حضرت خواجہ غریب نوازؒ کی بارگاہ عقیدت و احترام کا مرکز ہے۔ یہاں بے ادبی کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی۔ یہاں تمام مذاہب کے زائرین حاضری دیتے ہیں, ایسے میں درگاہ یا مسجد کے احاطہ میں ویڈیو بناکر سوشیل میڈیا پر وائرل کرنا نامناسب عمل ہے۔ اس سے عالمی سطح پر غلط پیام جائے گا۔ انہوں نے کمیٹی سے درگاہ کی عظمت کا خیال رکھتے ہوئے فوری طور پر ویڈیو گرفی پر پابندی عائد کرنے کی اپیل کی۔