معروف اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فِلکس کے بانی اور شریک سی ای او، ریڈ ہیسٹنگز کا ماننا ہے کہ بھارت میں ڈیٹا کی قیمتوں میں ڈرامائی گراوٹ کے پیچھے مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس جیو ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھارت میں نیٹ فِلکس جیسی متعدد اسٹریمنگ سروسز کامیاب ہوپائی ہیں۔ فارچیون انڈیا کے ساتھ ایک خاص انٹرویو میں انہوں نے یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کی مہنگی قیمتوں کی وجہ سے بھارت کا شمار دنیا کی سب سے مہنگی ڈیٹا مارکٹوں میں ہوتا تھا۔ ریلائنس جیو کی لانچنگ کے بعد صرف 4 برسوں کی مدت میں بھارت دنیا کے سب سے سستے ڈیٹا بازار میں سے ایک تصور کیا جانے لگا۔ ریلائنس جیو کی تعریف کرتے ہوئے ریڈ ہیسٹنگز کہتے ہیں کہ جیو ڈیٹا سیکٹر میں جو تبدیلی لیکر آیا ہے اس کی وجہ سے ہی نیٹ فِلکس کا بزنس چلتا ہے ورنہ ہم کامیاب نہیں ہوتے۔
ریلائنس جیو کے مالک مکیش امبانی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ریڈ ہیسٹنگز نے کہاکہ'ہم خوش قسمت تھے کہ جب ہم نے کانٹنٹ پروڈکشن میں سرمایہ کاری کی شروعات کی، اسی وقت کچھ دیگر لوگ انٹرنیٹ میں سرمایہ کاری کررہے تھے'۔ بتا دیں کہ نیٹ فِلکس کو بھارت میں ابھی پانچ سال پورے ہوئے ہیں۔
'ایسا کوئی بھی ملک نہیں ہے جو دنیا کے سب سے مہنگے ڈیٹا کو دنیا کے سب سے سستے ڈیٹا میں بدل پایا ہو، وہ بھی صرف چار سال میں۔ ساتھ ہی دنیا کی سب سے کم ڈیٹا کھپت کی مارکٹ کو، دنیا کی سب سے زیادہ کھپت والی مارکٹ میں سے ایک بنا پایا ہو ۔ بھارت میں انٹر نیٹ کے شعبہ یہ تبدیلی غیر معمولی ہے'۔ ریڈ ہیسٹنگز کا ماننا ہے کہ ریلائنس جیو کمپنی دنیا میں غیر معمولی اور قابل تعریف تبدیلی لے آئی ہے۔
یواین آئی