نئی دہلی: انڈین کونسل فار ایگریکلچرریسرچ (آئی سی اے آر) کے ڈائرکٹر جنرل ترلوچن مہاپاترا نے کہا کہ انڈین فارمرس کوآپریٹیو لمیٹڈ (افکو) کے ساتھ مختلف مصنوعات کی تحقیق، ٹیسٹ، تصدیق کے معاہدے سے کھاد وں کی کھپت میں پندرہ فیصدکمی آئے گی تو یہ اہم کامیابی ہوگی۔
ڈاکٹر مہاپاترا نے بدھ کو آئی سی اے آر اور افکو کے مابین مفاہمت نامہ پر دستخط کے موقع کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہاکہ دونو ں اداروں کے تعاون سے ہونے والی تحقیق اور توسیعی پروگرا موں سے اگر کھاد کی کھپت میں 15فید کمی آتی ہے یہ اہم کامیابی ہوگی۔
انہوں نے تکنالوجی کے کمرشلائزیشن پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مفاہمت نامہ کے مطابق طریقہ کار پر بات چیت کرکے ایک ہفتہ کے دوران اسے حتمی شکل دی جاسکے گی۔ اس موقع پر افکو کے منیجنگ ڈائرکٹر ادے شنکر اوستھی، آئی سی اے آر کے ڈپٹی ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر اے کے سنگھ اور کئی دیگر افسر موجود تھے۔
افکو کے مارکٹنگ ڈائرکٹر یوگیندر کمار نے بتایا کہ معاہدہ سے نئی پیداوار کے ٹیسٹ، تصدیق او ر فروغ میں بے مثال مدد ملے گی جس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔