نئی دہلی: یہ فیصلہ حال ہی میں آیوش ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے مشترکہ جائزے میں وزیر صنعت و تجارت پیوش گوئل اور آیوش کے وزیر شری پد نائک کی موجودگی میں لیا گیا۔ جائزہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آیوش برآمدات کو فروغ دینے کے لیے قیمت اور معیار کی مسابقت حاصل کرنے کے لیے پورا آیوش سیکٹر مل کر کام کرے گا۔ گزشتہ دنوں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ایک اجلاس میں یہ جائزہ لیا گیا تھا، جس میں شعبہ آیوش سے تعلق رکھنے والے تقریبا 50 صنعتی اور تجارتی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ورچوئل پلیٹ فارم پر براہ راست آیوش سیکٹر کے 2000 سے زائد شراکت داروں نے بھی ای -ایونٹ میں شرکت کی۔
سکریٹری آیوش نے وزارت آیوش کی گزشتہ اجلاس کی سفارشات پر کی جانے والی کارروائی پر ایک پریزنٹیشن کے ساتھ بات چیت کا آغاز کیا۔ انہوں نے کووڈ – 19 کی صورتحال میں کمی لانے اور آیوش صنعت کو فروغ دینے کے لیے وزارت آیوش کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف دیگر اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے آیوش سیکٹر کے فروغ کے لیے ابھرتے ہوئے مواقع کے بارے میں بات کی اور کچھ درپیش رکاوٹوں کا بھی ذکر کیا جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اس کے بعد اوپن فورم میں، وزارت صنعت و تجارت، آر آئی ایس، بی آئی ایس، انویسٹ انڈیا اور آیوش صنعت کے نمائندوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ وزارت آیوش کی جانب سے کووڈ-19 کے بعد عوام کو آیوش پر مبنی حل کے لیے جو کوششیں کی گئیں ان سب کی ستائش کی گئی۔
شری پد نائک نے کہا کہ بھارت اور بیرون ملک سے بڑھتے ہوئے مطالبات کو پورا کرنے اور جو لوگ بہتر صحت کو برقرار رکھنے کے لیے آیوش کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں، انہیں خدمات فراہم کرنے کے لیے آیوش سیکٹر میں صنعت و تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
پیوش گوئل نے کہا کہ 'حالیہ مہینوں میں آیوش مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ اور بہت سے ممالک میں ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا براہ راست عکاس ہے۔ برآمدات سے متعلق ایچ ایس کوڈ کو معیاری بنانے کے لیے برآمدات کے فروغ کے اقدام کے طور پر ترجیحی بنیاد پر غور کیا جائے گا۔'
انہوں نے وزارت آیوش سے وزارت تجارت اور وزارت خزانہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اپیل کی تاکہ اسے جلد حاصل کیا جاسکے۔
وزیر تجارت نے صنعتکاروں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنی مصنوعات کے معیار اور قیمتوں پر بیک وقت کام کریں، تاکہ وہ عالمی منڈی میں تیزی سے مسابقتی عمل کا حصہ بنیں۔ انہوں نے آیوش ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے تصور کی حمایت کی اور کہا کہ وزارت تجارت کو اس کی حمایت کرنے میں خوشی ہوگی۔ تجارت کو فروغ دینے کے تمام معاملات پر وزارت تجارت کی مسلسل حمایت آیوش سیکٹر کو دستیاب ہوگی، اور کسی بھی اہم مسئلے پر بات کرنے کے لیے وزارت کے عہدیداروں کے ساتھ خصوصی ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ وزیر تجارت نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پہچان بنانے کے مناسب معیار کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ آیوش موجودہ "برانڈ انڈیا" کی سرگرمیوں میں مناسب طریقے سے ہوگی۔ انہوں نے صنعت اور حکومت کو برانڈنگ اور فروغ کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
- اجلاس میں حسب ذیل نکات سامنے آئے:
- وزارت آیوش اور وزارت صنعت و تجارت آیوش ایکسپورٹ پروموشن کونسل (اے ای پی سی) کے قیام کے لیے مل کر کام کریں گے۔ مجوزہ اے ای پی سی کو وزارت آیوش کے ساتھ رکھا جاسکتا ہے۔
- آیوش کے لیے ایچ ایس کوڈ کو معیاری بنانے میں تیزی لائی جائے گی۔
- وزارت آیوش آیوش مصنوعات اور خدمات کا بین الاقوامی معیار تیار کرنے کے لیے بیورو آف انڈین اسٹنڈرڈ کے ساتھ کام کرے گی۔
- وزارت آیوش اور آیوش انڈسٹری بہترین طریقوں / کامیابی کی نشاندہی کرے گی اور عوام میں ان کی تشہیر کرے گی۔
- آیوش انڈسٹری آیوش مصنوعات کے معیار اور معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ قیمتوں میں مسابقت کے عمل پر بھی کام کرے گی۔
- آیوش برانڈ انڈیا کی سرگرمیوں میں شامل ہوگا۔