مغربی بنگال میں شمالی 24 پرگنہ کے بیرکپور پارلیمانی حلقے میں اسمبلی انتخابات ہوئے ایک ماہ کا عرصہ گذرنے ے باوجود سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شمالی 24 پرگنہ کے جگتدل تھانہ علاقہ جو ارجن سنگھ کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بی جے پی کے دو حامیوں کے مکانوں پر حملہ کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے بی جے پی کے ضلع رہنما لال بابو، ڈاکٹر رام بابو اور کونسلر اشوک سنگھ کے مکان پر حملہ کیا جس کے بعد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان ارجن سنگھ نے کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پارٹی کے 4 ضلع سطح کے رہنماؤں کے مکانات پر حملے کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد سے ہی بی جے پی کے حامیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے حملوں کےلیے ترنمول کانگریس کے اعلیٰ رہنماؤں کو ذمہ دار قرار دیا۔ رکن پارلیمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی مغربی بنگال کو دوسرا بنگلہ دیش بنانے پر آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ممتا بنرجی اقلیتیوں کی حمایت کرتی رہیں گی ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر نہیں ہوگی۔
ارجن سنگھ نے مرکزی حکومت سے ریاست میں جاری سیاسی تصادم کو روکنے کےلیے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مغربی بنگال میں صدر راج نافذ کرنے پر بھی غور کرنے کی مودی حکومت سے مانگ کی۔