اپوزیشن کے ذریعہ پاورلوم اور بجلی کمپنی کو ایجنڈا بنائے جانے کے بعد وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے بعد ریاستی حکومت پاور لوم کی بجلی کی شرح اور سبسیڈی کو 27 ایچ پی سے بڑھا کر 40 ایچ پی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں حکومت جلد ہی ایک میٹنگ کر یگی۔
مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل بھیونڈی پارلیمانی نشست پر بی جے پی امیدوار کی حمایت میں انتخابی مہم میں ریاست کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے شرکت کی۔
مسلسل شکایات اور بھیونڈی میں کئی بار آنے کے باوجود وزیر اعلیٰ نے پانچ برس میں پہلی بار بجلی فرینچائزی کمپنی ٹورنٹ پاور کا نام لیا، وہ بھی عین انتخابات میں جس کو لیکر ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت پاورلوم صنعت کو لیکر کافی حساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'اس بابت بھیونڈی کے کچھ تاجروں نے مجھ سے ملاقات کرکے پاور لوم کی بجلی بلوں میں سبسڈی دئے جانے کا مطالبہ کیا ہے'۔
اپنی تقریر کے دوران، انہوں نے کانگریس منشور کو مرغی فروخت کرنے کا کاروبار بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ملک میں بدعنوانی کو فروغ دیا ہے، مگر گزشتہ پانچ برسوں میں وزیراعظم نریندر مودی نے عوام میں تبدیلی لانے کا کام شروع کیا ہے۔