دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج دہلی کی خواتین کو بڑا تحفہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ خواتین میٹرو ٹرین اور ڈی ٹی سی بسوں میں مفت سفر کریں گی۔
دہلی میں آئندہ برس کی شروعات میں ہونے جارہے اسمبلی الیکشن کے پیش نظر عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور وزیراعلیٰ اروند کیجروال نے آج پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔
دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے میٹرو اور ڈی ٹی سی انتظامیہ کے ساتھ ایک میٹنگ کی، جس کے بعد کیجریوال نے خواتین کو مفت سفر کی اجازت دیدی ہے۔
دہلی سرکار میں وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے بتایا کہ بسوں میں خواتین کے مفت سفر کرنے کی تجویز پر ریاستی سرکار کے ساتھ گفت و شنید ہوئی ہے۔
اروند کیجروال نے کہا کہ دہلی میں خواتین عدم تحفظ کا احساس کرتی ہیں، خواتین کی سکیورٹی کے لیے بڑے فیصلے لیے گئے ہیں۔
دہلی حکومت دہلی میٹرواور ڈی ٹی سی بسوں میں خواتین کو کرائے سے چھوٹ دلانے کے لیے مفت سفر کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے انہیں پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کے لیے حوصلہ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو مفت سفر میں ڈی ایم آر سی کو ہونے والے نقصان کی بھرپائی دہلی حکومت کرے گی۔
اروند کیجروال نے کہا کہ خواتین چاہیں تو ٹکٹ خرید سکتی ہیں۔ انہیں سبسڈی کا استعمال نہ کرنے کے لیے مائل کیا جائے گا۔
کیجریوال نے کہا کہ دو سے تین مہینے کے اندر اس سکیم کو نافذ کردیا جائے گا۔
کیجویوال نے خواتین کے تحفظ کے لیے دو بڑے فیصلے لیے ہیں، ان میں ایک سی سی ٹی وی کیمرے کو لگانے کے لیے ڈھائی برس سے کوشش کو انجام پہنچایا اور ڈیڑھ لاکھ سی سی ٹی وی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ بسوں اور میٹرو میں کل مسافروں میں 33 فیصد خواتین ہوتی ہیں، اس کے مطابق میٹرو میں خواتین کے مفت سفر پر تقریباً ایک ہزار کروڑ روپے سالانہ کا خرچ آئے گا، جبکہ تقریباً بسوں کا 200 کروڑ روپے کا مزید خرچ آئے گا۔
ایک اندازہ کے مطابق خواتین کے لیے دہلی میٹرو اور ڈی ٹی سی کی بسوں میں اس سکیم کو نافذ کرنے میں حکومت پر سالانہ تقریباً 1200 کروڑ روپے کا خرچ بڑھے گا۔
دہلی سرکار نے اس سکیم کو نافذ کرنے کے لیے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور ان سے پوچھا ہے کہ اس سکیم کو کیسے نافذ کیا جاسکتا ہے، اس کے لیے مفت پاس کا انتظام ہوگا یا کوئی دیگر متبادل ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ہفتہ کو نئی دہلی میں ایک عوامی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ان کی حکومت بجلی بل میں فکسڈ چارج کو تخفیف کرنے کے لیے شہر کی بجلی ریگولیٹری کمپنیوں کے ساتھ بات کررہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ دہلی حکومت سے صلاح و مشورہ کیے بغیر دہلی بجلی ریگولیٹری کمیشن(ڈی ای آر سی) نے گزشتہ برس بجلی فیس کا فکسڈ چارج بڑھا دیا تھا۔
اروند کیجریوال نے کہا، آئندہ مہینے نئی فیس مقرر کی جائے گی، ہم نے ڈی ای آر سی فکسڈ چارج کو پہلے کی سطح پر لانے کو کہا ہے، اس پر ان کے راضی ہونے کی امید ہے۔
غور طلب ہے کہ گھریلو صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارج دو کلو واٹ تک کے لیے 20 روپے سے بڑھاکر 125 روپے کردیا گیا، دہلی سرکار ایسے صارفین کو سبسڈی مہیا کرتی ہے۔
حال ہی میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے نو ریاسوں اور مرکز زیر انتظام علاقوں میں 40 سے زیادہ سیٹو ں پر انتخاب لڑا تھا، لیکن اسے محض ایک سیٹ پر ہی جیت ملی ہے۔
اس انتخاب میں جھٹکا لگنے کے بعد پارٹی نے آئندہ برس ہونے والے دہلی اسمبلی الیکشن کی تیاری زور شور سے شروع کردی ہے۔