لکھنؤ: اتر پردیش اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آغاز پیر کو ریاست کے گورنر آنندی بین کے کلیدی خطبے سے ہوگا۔ کانپور دیہات کا حالیہ واقعہ، حکومت کی بلڈوزر پالیسی ،مہنگائی، بے روزگاری اور نظم ونسق و بدعنوانی کے موضوعات پر متحد اپوزیشن کو دیکھتے ہوئے اسمبلی کے بجٹ سیشن کے کافی ہنگامہ خیز ہونے کے قوی آثار ہیں۔ کل بجٹ سیشن کا پہلا دن ہوگا جس کا آغاز ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل کے کلیدی خطبے سے ہوگا۔ آنندی بین دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گی۔ بجٹ اجلاس 2022-23 سے قبل ودھان بھون میں اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا کی قیادت میں آل پارٹی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں اسمبلی اسپیکر نے سبھی پارٹیوں کے نمائندوں سے اسمبلی کی کاروائی کو بہتر ڈھنگ سے چلانے کے لئے تعاون مانگا۔میٹنگ میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، مین اپوزیشن ایس پی لیڈر منوج کمار پانڈے، پارلیمانی امور کے وزیر سریش کمار کھنہ اور دیگر پارٹیوں کے نمائندگان موجود رہے۔
اس موقع پر اسمبلی اسپیکر نے اراکین اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ ایوان میں صرف حاضری نہ لگائیں بلکہ ایوان میں اپنی موجودگی کو بھی یقینی بنائیں۔ جس سے ریاست کی ترقی ہوسکے۔ایوان میں ہم سبھی کو مل کر مفاد عامہ کے موضوعات پر تبادلہ خیال کرنا چاہئے۔میٹنگ کے دوران تمام ہی پارٹیوں کے لیڈران نے ایوان کی کاروائی بہتر ڈھنگ سے چلانے میں اپنا پورا تعاون پیش کرنے کا تیقن دیا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سبھی پارٹیوں کے لیڈروں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے کے آمد۔صرفہ کی بحث ہم سب سال 2023 کے پہلے سیشن میں کرنے جارہے ہیں۔جوپارلیمانی اقدار کے مطابق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی ایک موثر بحث کا ذریعہ ہوتی ہے۔ہم سب سے اسمبلی کو کورونا بحران میں بڑھ چڑھ کر چلانے کا کام کیا ہے۔ جسے پورے ملک میں سراہا گیا۔
وہیں اسمبلی سیشن میں حکومت کو کئی محاذ پر گھیرنے کے لئے مین اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے شیوپال سنگھ یادو کی قیادت میں ودھان منڈل دل کی میٹنگ منعقد کی ۔سماج وادی پارٹی دفتر میں ہوئی میٹنگ میں ریاست کے سیاسی حالت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زیادہ تر اراکین اسمبلی نے نظم و نسق کا معاملہ اٹھایا۔ ایم ایل سے نے خواندہ بے روزگاروں اور ٹیچروں کے ساتھ ہورہی ناانصافیوں کا ذکر کیا۔ میٹنگ کی قیادت کررہے شیوپال سنگھ یادو نے کہا کہ ہمیں عوام کے مفادات کے لئے سڑک سے لے کر ایوان تک جدوجہد کرنی ہوگی۔ایوان میں مفاد عامہ کے موضوعات کو حقائق کی روشنی میں پیش کیا جائے گا۔ ریاست میں نظم ونسق تارتار ہے۔ خواتین کا استحصال ہورہا ہے۔ بلڈوزر کے نام پر عوام کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ اس سے جڑے مسائل کو رپورٹ کے ساتھ ایوان میں رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Karnataka Budget وزیراعلیٰ بومائی کی جانب سے ریاستی بجیٹ پیش کیا گیا
میٹنگ میں کانپور دیہات سمیت مختلف مقامات پر ہوئے واقعات کو جوڈ کر دونوں ایوانوں میں نظم ونسق کا معاملہ پورے زور و شور سے اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔اسی طرح سے اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کی بی جےپی لگاتار جھوٹ بول رہی ہے۔ اس سے ریاست کی عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ اس کے جھوٹے وعدوں پر ایوان میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔سبھی اراکین کو ایوان میں موجود رہنے اور مسئلہ اٹھاتے وقت پوری تیاری کے ساتھ آنے کو کہا گیا ہے۔
یواین آئی