لکھنو: اترپردیش میں بلدیاتی انتخابات کے تحت پہلے مرحلے کے تحت کل ہونے والی ووٹنگ کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ رائے دہندگان صبح 7سے شام 6بجے تک اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔بلدیاتی انتخابا ت میں پہلے مرحلے کے تحت 9ڈویژن کے 37اضلاع میں 10میونسپل کارپوریشن،104نگر پالیکا پریشد اور 275نگر پنچایت میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔میونسپل کارپوریشن میں ووٹنگ ای وی ایم سے جبکہ دیگر مقامات پر ووٹنگ بیلٹ پیپر سے ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے تحت 7368 پولنگ استیشن کے تحت 23626پولنگ بوتھ پر ہونے والی ووٹنگ کے لئے پولنگ پارٹیاں روانہ ہوچکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں مجموعی طور سے 24007643رائے دہندگان حق رائے دہی کے مجاز ہیں جن میں سے مرد ووٹر12770963اور خاتون ووٹروں کی تعداد 11236680ہے۔یہ رائے دہندگان کل 7593عہدوں کے لئے امیدواروں کے قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں میونسپل کارپوریشن، نگر پنچایت و نگرپنچایت پریشد کے لئے مجموعی طور سے 44232امیدوار میدان میں ہیں۔ان میں سے 85امیدوار بشمول 10کاونسلر،نگر پنچایت و نگر پالیکاپریشد کے ایک ایک چیئرمین اور 73ممبرس پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
فیشیل نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے تحت جن 9ڈویژن میں ووٹ ڈالے جائیں گے ان میں سہارنپور، مرادآباد، آگرہ، جھانسی، پریاگ راج، لکھنو، گورکھپور، وارانسی اور دیوی پاٹن شامل ہیں۔رائے دہندگان 7372پولنگ اسٹیشنوں کے 23614پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈال سکیں گے۔وہ اضلاع جہاں پر پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہوگی ان میں شاملی، مظفر نگر، سہانپور ، بجنور، امروہہ، مرادآباد، رامپور، سنبھل، آگرہ، فیروزآباد، متھرا، مین پوری،جھانسی، جالون، للت پور، کوشامبی، پریاگ راج، فتح پور، پرتاپ گڑھ،اناؤ،ہردوئی، لکھنؤ، رائے بریلی، سیتاپور،لکھیم پور کھیری، گونڈہ، بہرائچ، بلرامپور، شراوستی،گورکھپور، دیوریا، مہاراج گنج، کشی نگر، غازی پور، وارانسی، چندولی اور جونپور شامل ہیں۔
اسٹیٹ الیکشن کمیشنر منوج کمار نے کہ اکہ 2۔40کروڑ رائے دہندگان پہلے مرحلے میں ووٹنگ کے اہل ہیں۔پہلے مرحلے میں میونسپل کارپوریشن میں میئر کے 10عہدے،کارپوریٹرس کے 820عہدے،نگرپالیکاپریشد میں چیئرمین کے 103اور وارڈ ممبرس کے2740 عہدوں جبکہ نگرپنچایت میں 275چیئرمین اور 3845 ممبرس کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔وہیں پولیس ترجمان نے نے بتایا کہ غیرجانبدارانہ و منصفانہ ووٹنگ کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔اس کے تحت مجموعی طور سے 19880انسپکٹر۔ سب انسپکٹر،101477ہیڈکانسٹیبل اور کانسٹیبل اور 47985ہوم گارڈس ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔
پولیس ترجمانے بتایا کہ پولیس فورس کے علاوہ86کمپنیاں اور پی اے سی کی دو پلاٹونس،سنٹرل آرمڈ فورسسز کی 35کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ساتھ ہی 7500زیر تربیت سب۔انسپکٹر کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ ان کی الیکشن ٹریننگ ہوسکے۔ یوپی میں ہونے والے ان بلدیاتی انتخابات کو سال 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کا سیمی فائنل تصور کیا جارہا ہے۔اسی کے پیش نظر حکمراں جماعت و اپوزیشن جماعت کے لیڈران بشمول بی جےپی ، سماج وادی پارٹی(ایس پی)، اور کانگریس نے اپنے اپنے امیدواروں کےلئے پورے شدو مد کے ساتھ انتخابی مہم چلائی ہے۔
یو این آئی