لاہول اسپتی: ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے ہفتہ کو ریاست کے تمام ملازمین اور پنشنرز کے لیے مہنگائی الاؤنس میں تین فیصد اضافے کا اعلان کیا۔ اسے 31 فیصد سے بڑھا کر 34 فیصد کر دیا گیا ہے۔ سکھو نے جون 2023 سے اسپتی ویلی میں 18 سال سے زیادہ عمر کی تمام 9000 خواتین کو 1500 روپے ماہانہ پنشن دینے اور کازہ میں ایک کالج اور 50 بستروں پر مشتمل کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کو فعال کرنے کا بھی اعلان کیا۔ قبل ازیں سکھویندر سنگھ سکھو نے لاہول اسپتی کے کازہ میں 76 ویں ہماچل ڈے کے موقع پر قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔ ریاست کی تشکیل کے بعد قبائلی علاقے میں تقریباً 12000 فٹ کی بلندی پر واقع کازہ میں پہلی بار ریاستی سطح کے ہماچل ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ہماچل ڈے کی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے سکھو نے ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یشونت سنگھ پرمار اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ریاست کو خصوصی شناخت اور مکمل ریاست کا درجہ دلانے کے لیے انتھک محنت کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رونگ ٹونگ میں ایک ہیلی پورٹ تعمیر کیا جائے گا اور 34 کروڑ روپے کی لاگت سے پن ویلی میں اٹارگو سے مٹی تک سڑک تعمیر کی جائے گی۔ اس کے علاوہ بھوا کو مٹی سے ملانے کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر سڑک تعمیر کرے گی۔ مرکزی حکومت کے تعاون سے لنگجا میں ستارہ دیکھنے والی آبزرویٹری قائم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کازہ کے قریب شیگو میں راجیو گاندھی ماڈل ڈے بورڈنگ اسکول کے قیام کے لیے زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سکھو نے کہا کہ حکومت نے یتیم بچوں کے لیے 101 کروڑ روپے کی ابتدائی فراہمی کے ساتھ مکھیہ منتری سکھ-آشرے کوش قائم کیا ہے۔ حکومت نے مکھی منتری سکھ-آشرے یوجنا کے تحت تقریباً 6000 یتیم بچوں کو 'ریاست کے بچوں' کے طور پر گود لیا ہے۔
یو این آئی