ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں اصلاح معاشرہ کمیٹی، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے نکاح کو سادہ اور آسان بنانے کے سلسلے میں مسلسل پیش رفت جاری ہے۔
اس سلسلے میں گزشتہ دنوں مختلف ریاستوں کے ہزاروں علماء و دانشوروں اور ملی و سماجی کارکنان کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔
27 مارچ سے 05 اپریل 2021ء تک ملکی سطح پر دس روزہ آسان اور مسنون نکاح مہم چلائی گئی تھی جس کے بڑے اچھے نتائج سامنے آئے اور مختلف ریاستوں کے علماء و دانشوروں نے نکاح کو آسان بنانے کے سلسلے میں اہم اقدامات کئے اور لوگوں کو بیدار کرتے ہوئے ان سے اقرار لیا کہ وہ نکاح کو آسان اور مسنون طریقہ پر انجام دیں گے۔
پورے ملک میں مہم کے تحت سینکڑوں پروگرام ہوئے اور افہام و تفہیم کے نتیجے میں درجنوں نکاح سادگی کے ساتھ سنت کے مطابق انجام پائے۔
مذکورہ خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آسان اور مسنون نکاح مہم کوئی وقتی تحریک نہیں ہے بلکہ یہ ایک مستقل کام ہے، جس کیلئے مسلسل اور منظم محنت ضروری ہے۔
مولانا نے بتایا کہ دس روزہ مہم کے دوران مختلف ریاستوں میں اصلاح معاشرہ کی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں، جو اس سلسلے میں مسلسل کوششیں کررہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب رمضان المبارک کا مقدس مہینہ شروع ہوچکا ہے۔
رمضان المبارک جہاں نزول قرآن، گناہوں کی بخشش اور عبادت و ریاضت کا مہینہ ہے۔ وہیں یہ اسلامی تہذیب کا مظہر، تزکیہ نفس اور حصول تقویٰ کا مہینہ ہے۔
اصلاح کے لئے رمضان سے زیادہ اچھا اور بہتر مہینہ کوئی نہیں۔ مولانا نے فرمایا کہ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی معاشرے کی اصلاح کیلئے آسان اور مسنون نکاح کی مہم کو جاری رکھا جائے گا۔
مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے فرمایا کہ رمضان المبارک میں اس مہم کے تحت مختلف ریاستوں اور اضلاع میں اصلاح معاشرہ کی کمیٹی کو مضبوط کیا جائے گا، مساجد کے ذمہ داران آسان اور مسنون نکاح کا اقرار نامہ فریم کی شکل میں تیار کرکے اپنی اپنی مساجد میں لگائیں گے۔
ختم قرآن کے جلسوں اور عید کے خطبے میں ائمہ حضرات اقرار نامہ پڑھ کر مسلمانوں سے عہد لیں گے، اقرار نامہ کے چھوٹے چھوٹے پمفلٹ تیار کر کے جمعہ، ختم قرآن کے جلسوں اور عید کے موقع پر مصلیوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔
علاوہ ازیں بڑی بڑی عیدگاہوں میں اقرار نامہ کے بینر بھی چسپاں کئے جائیں گے، رمضان کارڈز، کیلنڈر اور ہفت روزہ اخبارات اور ماہانہ رسالوں میں اقرار نامہ شائع کیا جائے گا۔
نیز سوشل میڈیا اور اخبارات میں مضامین شائع کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ رمضان المبارک کے بعد اس تحریک کو مضبوط اور مستحکم طریقہ سے چلانے کیلئے ابھی سے مستحکم منصوبہ، حکمت عملی اور طریقہ کار تیار کیا جائے گا۔