بھارت کے تیس افسران کو جنوبی سوڈان میں دیرپا امن کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں یونائٹڈ نیشن میڈل سے نوازا گیا۔ ان میں خواتین بھی شامل ہیں۔ جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے مشن یو این ایم آئی ایس ایس نے 30 بھارتیوں کا ان کے عزم کے لیے شکریہ ادا کیا ہے ۔
ادارے نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’جنوبی سوڈان میں امن کی بحالی کے لیے 30 افسران کو ان کی خدمات کے مدِنظر یونائیٹڈ نیشن میڈل سے نوازا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی ایک ایسے وقت میں کی گئی ، جب ملک تنازعات، نقل مکانی اور کورونا جیسے مسائل سے دوچار تھا۔ ادارہ ان کےعزم کو دیکھتے ہوئے ان کاشکریہ ادا کرتا ہے ‘‘۔
یہ افسران اقوام متحدہ کی پولیس کا حصہ تھے ، جو اقوام متحدہ کی امن مہم کا ایک ڈویژن تھا۔
میڈل فراہم کرنے کی تقریب یوم اقوام متحدہ کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی ’من کی بات‘ میں کہا کہ بھارت نے ہمیشہ عالمی امن کے لیے کام کیا ہے، جس کی مثال ہمیں اقوام متحدہ کی امن فوج میں ملک کے تعاون میں دیکھی جا سکتی ہے۔
(یو این آئی)