دارالحکومت دہلی کے جنتر منتر پر آج پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مظاہرہ آسام پولیس کے ذریعے مسلمانوں پر تشدد کے خلاف احتجاج تھا، پاپولر فرنٹ نے غیر انسانی بے دخلی مہم کے دوران بے بس مظاہرین پر آسام پولیس کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ پولیس افسران کے خلاف جلد از جلد کارروائی کی جائے۔
احتجاجی مظاہرہ میں شریک ہونے آئے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے جنرل سیکرٹری محمد شفیع نے بتایا کہ ہم یہاں مطالبات لیکر نہیں بلکہ تنبیہ کرنے آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اس فوٹوگرافر کو گرفتار نہیں کر رہی بلکہ اس کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، پولیس کو چاہیے کہ وہ اس بات کی جانکاری دے کے اس فوٹوگرافر کے خلاف کن دفعات کے مطابق کیس درج کیا گیا ہے۔
وہیں پاپولر فرنٹ دہلی کے جنرل سیکریٹری محمد الیاس نے بتایا کہ نہ تو آسام کے وزیر اعلیٰ اور نہ ہی وہاں کی پولیس اس معاملے پر سنجیدہ ہے بلکہ وزیر اعلیٰ اور پولیس افسران کے درمیان تو بھائی کا رشتہ ہے ایسے میں ہم کیسے یقین کرلیں کہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: دہلی: مندر کی تحفظ کے لیے فوز العظیم نے عدالت کا رخ کیا
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ اس معاملے پر کارروائی کرے تاکہ جو مظلومین ہے انہیں انصاف مل سکے۔