روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ دہلی کا سب سے بڑا مسئلہ آلودگی اور بھیڑ ہے اور وہ قومی دارالحکومت کو ان سے نجات دلانے پر 52 ہزار کروڑ روپے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔
دہلی ممبئی ایکسپریس وے کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ دہلی کا سب سے بڑا مسئلہ آلودگی اور جام ہے, جس سے ان کی وزارت مسلسل چھٹکارا پانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کو دہرادون ، ہری دوار ، چنڈی گڑھ ، میرٹھ ، جے پور ، کٹرا جیسے شہروں سے جوڑنے کے لیے بہترین سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔ دہلی کے باہر سڑکیں بنائی گئی ہیں تاکہ دہلی میں کوئی آلودگی نہ ہو تاکہ دوسری ریاستوں کو جانے والی گاڑیاں دہلی کے باہر سے آمد و رفت کریں اور دہلی میں داخل نہ ہوں ، اس سے دہلی میں آلودگی کم ہو جائے گی اور یہاں جام بھی کم ہوگا۔
مزید پڑھیں:'ہندو راشٹر کا مطالبہ مذہبی گروہوں کے درمیان دشمنی میں اضافہ کرنا نہیں'
گڈکری نے کہا کہ دہلی سے کٹرا کے درمیان ایکسپریس وے بنایا جارہا ہے ، جس کی وجہ سے دہلی-کٹرا کے درمیان فاصلہ چھ گھنٹے میں طے کیا جاسکتا ہے اور یہ کام دو سال میں مکمل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ بہتر سڑکوں کی تعمیر اور شہری فاصلے کو کم کرنے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں اس طرح بنائی گئی ہیں کہ دہلی سے چنڈی گڑھ دو گھنٹے میں ، دہلی سے دہرادون دو گھنٹے میں ، دہلی سے ہری دوار ڈیڑھ گھنٹے میں اور دہلی سے میرٹھ کی مسافت 40 منٹ میں طے کی جاسکے گی۔
یواین آئی