وزیراعظم نریندر مودی نے ریڈیو پر نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ کے 75 ویں ایڈیشن مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اتوار کے روز کہا کہ تین اکتوبر 2014 کو شروع اس پروگرام میں آئے تنوع سے وہ تحریک حاصل کرتے رہے اور اس سفر میں جو تجربات ہوئے ان کو یاد کر کے لگتا ہے کہ ’من کی بات‘ جیسے کل کی ہی بات ہے۔
مودی نے کہا کہ من کی بات کے لئے جو خطوط اور تبصرے موصول ہوتے ہیں، اس سے وسیع معلومات ملتی ہے۔ کئی لوگوں نے 75 ویں ایڈیشن کے پورا ہونے پر مبارکباد بھی دی ہے اور اس کے لئے انہوں نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ 'من کی بات ‘ پروگرام پر باریک نظر رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا ’’میں سامعین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ آپ کے ساتھ کے بغیر یہ سفر ممکن نہیں تھا۔ ایسا لگتا ہے، جیسے یہ کل کی ہی بات ہو، جب ہم سبھی نے ایک ساتھ مل کر یہ سفر شروع کیا تھا۔ تب تین اکتوبر 2014 وجئے ادشمی کا مقدس تہوار تھا، اور اتفاق سے آج ہولیکا دہن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ویکسین کے ساتھ احتیاط بھی برتیں: وزیر اعظم مودی
ایک چراغ سے ملک روشن ہو ہمارا۔ اسی جذبے سے چلتے چلتے ہم نے یہ سفر طے کیا ہے، ہم نے ملک کے کونے کونے سے لوگوں سے بات کی ہے اور ان کے غیر معمولی کام کے بارے میں معلومات حاصل کی اور محسوس کیا ہے کہ ہمارے ملک کی دور افتادہ علاقوں میں بھی بے مثال صلاحیت موجود ہے۔ مادرِ وطن کی گود میں کیسے کیسے جوہر پرورش پا رہے ہیں۔ سماج کو دیکھنے، جاننے اور اس کی صلاحت کو پہچاننے کا میرے لئے تو ایک حیرت انگیز تجربہ رہا ہے'۔