ضلع گیا کے علمی و ادبی اور سماجی حلقے کے لیے رواں برس 2020 اچھی سے زیادہ افسوسناک یادیں چھوڑ کر جارہا ہے، سال کے وسط میں بھارت کے ایک عظیم الشان عالم دین جن کے علم و قلم سے قوم مستفیض ہوتی تھی یعنی الحاج الشاہ سید اقبال احمد حسن برکاتی کے انتقال نے گیا ہی نہیں بلکہ بھارت بھر کو سوگوار بنا دیا، چودہ جولائی کو مولانا سید اقبال احمد حسنی کا 59 برس کی عمر میں انتقال ہوا، مولانا اقبال احمد حسنی برکاتی اپنی بے باک خطابت سے سب کو متاثر کرتے تھے۔
انہوں نے قطب شہر کہے جانے والے ولی پیر منصور علیہ الرحمہ کے آستانے کی پہچان بلندیوں تک پہنچائی تھی، علم کی شمع روشن کرنے کے لیے انہوں نے پیر منصور کے احاطے میں جامعہ برکات منصور سنہ 1997 میں قائم کیا تھا جو آج بھی قائم و دائم ہے، اسی چودہ جولائی کی رات کو مولانا اقبال حسنی کے لواحقین اور دوست و احباب کو ایک اور بڑے دکھ درد کی دہلیز سے گزرنا پڑا۔ وہیں مرحوم کے برادر اکبر اور بہار کے معروف اردو صحافی سید خورشید ہاشمی کی پٹنہ سے سانحہ ارتحال کی خبر موصول ہوئی۔
معروف ادیب و مصنف ڈاکٹر سید احمد قادری نے ای ٹی وی بھارت اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس اردو ادب کو بھی بڑا نقصان پہنچا ہے، اردو ادب کی کئی عظیم شخصیتوں کی رحلت سے ہم سب سوگوار ہوئے ہیں، اب تو سوشل میڈیا دیکھنے سے بھی ڈرلگتا ہے کہ نہ جانے کس شخصیت کی موت کی خبر آجائے گی۔
اس برس گیا کے معروف و مشہور نقاد اور کئی کتابوں کے مصنف پروفیسر افصح ظفر، اردو صحافت کے بے تاج بادشاہ اور معروف عالم دین مولانا سید اقبال احمد حسنی کے برادر اکبر سید خورشید ہاشمی کا انتقال ہوا، بہت سی ایسی شخصیتیں تھیں جو اردو زبان وادب کے لیے متحرک تھیں جس کی تلافی مستقبل قریب میں ممکن نہیں ہے۔
مولانا شبیر اشرفی ناظم مدرسہ مدینۃ العلوم پولیس لائن نے کہا کہ معروف عالم دین سے لے کر شعر و ادب، نقاد اور کئی نامور ہستیوں کے سانحہ ارتحال نے اردو دنیا میں ایک خلاء پیدا کردیا ہے، یہ برس جاتے جاتے ادبی دنیا کے ایک عظیم شاہکار شمس الرحمان فاروقی جن کا گیا سے بھی گہرا تعلق رہا ہے ان کو بھی لقمہ اجل بنالیا۔
یہ سال تحریک و احتجاج سے شروع ہوا اور پورا سال کورونا وبا جیسے مہلک مرض کی زد میں رہا، کورونا وبا نے بھی کئی نامور ہستیوں کو اپنی خوراک بنایا ہے، گویا کہ 2020 سبھی کے لیے پریشان کن رہا ہے، اب 2021 کے لیے اللہ کی ذات سے امید ہے کہ یہ خوش کن رہے گا اور سبھی صحت و تندرستی اور سلامتی کے ساتھ رہیں گے۔