کانگریس نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ملک میں لاکھوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور کروڑوں لوگ متاثر ہوئے ہیں اور مرکزی حکومت کو اسے ایک قدرتی آفت اعلان کر کے ہر ایک کورونا سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو دس لاکھ روپے کی مدد کرنی چاہئے۔
کانگریس ترجمان گورو بالو نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس میں بتایا 'حکومت کو کورونا سے متاثرین کے لواحقین سے ہمدردی رکھنی چاہئے اور اس وبا کی وجہ سے اپنے اہل خانہ کو کھونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے ان کو مالی امداد دی جائے'۔
انہوں نے کہا 'مرکزی حکومت نے عدم سنجیدگی کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے روبرو کورونا کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے اہل خانہ کو امداد دینے سے انکار کردیا ہے۔ اس طرح سے حکومت کا انکار کرنا کورونا واریئرس کی توہین ہے جو سب سے آگے رہ کر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہو گئے'۔
یہ بھی پڑھیے:
Coronavirus Update: بھارت میں کورونا وائرس کے 46,148 نئے کیسز، 979 اموات
ترجمان نے کہا 'جب امریکہ کووڈ۔19 کو قدرتی آفات قرار دے سکتا ہے اور یہ وبا ہر لحاظ سے تباہی کے زمرے میں آتی ہے تو پھر مودی حکومت اس کو قدرتی آفات سمجھنے سے کیوں انکار کر رہی ہے'۔
انہوں نے حکومت سے یہ بھی سوال کیا کہ جو لوگ اپنے اہل خانہ کو وبا میں کھو چکے ہیں ان کے لیے حکومت نے کیا اقدامات کئے ہیں اور انہیں معاوضہ دینے سے انکار کیوں کیا جارہا ہے؟۔