علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں یوم سر سید کی تقریب میں ڈاکٹر طاہر محمود اور جسٹس اقبال احمد انصاری بالترتیب بطور مہمان خصوصی اور مہمان اعزازی شرکت کریں گے۔ یوم سرسید تقریب (17 اکتوبر) میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور خطبہ استقبالیہ پیش کر یں گے اور نامور مؤرخ باربرا میٹکاف اور مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو سر سید اکسیلینس ایوارڈ سے نوازیں گے۔ اس موقع پر آل انڈیا سر سید مضمون نویسی مقابلے کے فاتحین کو انعامات سے نوازا جائے گا، جس میں ڈاکٹر طاہر محمود اور جسٹس اقبال احمد انصاری بالترتیب بطور مہمان خصوصی اور مہمان اعزازی شرکت کریں گے۔
آپکو بتادیں کہ کورونا وبا کے سبب گزشتہ دو برسوں کے بعد رواں برس جشن یوم سرسید کی تقریب کا اہتمام آف لائن کیا جائے گا۔ یوم سرسید تقریب میں قومی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین، مشہور قانون داں، پروفیسر آف ایمیننس، انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ لیگل اسٹڈیز، ایمٹی یونیورسٹی پروفیسر طاہر محمود بطور مہمان خصوصی اور پنجاب ریاستی حقوق انسانی کمیشن کے سابق چیئرمین و پٹنہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس اقبال احمد انصاری بطور مہمان اعزازی شرکت کریں گے۔
قوانین کی ترقی پسند تشریح پر ڈاکٹر طاہر کی علمی خدمات کو وسیع پیمانے پر سراہا گیا ہے، انہیں سپریم کورٹ آف انڈیا اور کئی ریاستی ہائی کورٹس نے 50 سے زائد فیصلوں میں بطور حوالہ استعمال کیا ہے، ساتھ ہی کئی ملکی و غیر ملکی یونیورسٹیوں نے اعلی قانونی تعلیم کے کورسز میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے اسلامی قانون اور عرب دنیا کے قانونی نظام پر متعدد کتابیں اور مقالے تصنیف کئے ہیں اور ان کی تدوین کی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ یوم سرسید کے موقع پر آن لائن ادبی مجلس
مہمان اعزازی جسٹس اقبال احمد انصاری یکم اگست 2017 سے 31 جولائی 2022 تک پنجاب اسٹیٹ ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئر مین رہے ہیں۔ انہوں نے تیزپور کے درنگ کالج سے بی ایس سی اور تیز پور لاء کالج سے قانون میں گریجویشن کیا۔ انہیں 4 مارچ 2004 کو گوہاٹی ہائی کورٹ میں ترقی دی گئی اور ارونا چل پردیش اور ناگالینڈ میں ریاستی قانونی خدمات اتھارٹی کے ایگزیکیٹو چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ جولائی 2016 میں جسٹس اقبال پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے۔ واضح رہے کہ سر سید کی پیدائش 17 اکتوبر 1817 کو دہلی میں ہوئی اور آپ کا انتقال 27 مارچ 1898 کو علیگڑھ میں ہوا۔