نئی دہلی: دہلی پولیس نے قومی دارالحکومت کے اولڈ راجندر نگر میں یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کے امتحان میں اضافی کوشش کے مطالبہ کے تعلق سے منگل کی دیر رات احتجاج کرنے والے تقریباً 40 امیدواروں کو حراست میں لے لیا۔ امیدوار یو پی ایس سی امتحان میں اضافی موقع اور کورونا کا حوالہ دیتے ہوئے عمر کی حد میں نرمی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بدھ کو یہ جانکاری دی۔Delhi Police detains UPSC Aspirants
اولڈ راجندر نگر کے بڑا بازار میں تقریباً 70 امیدوار جمع ہوئے اور یو پی ایس سی امتحان میں اضافی موقع دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالوں میں کووِڈ وبائی مرض نے ان کے امکانات کو متاثر کیا ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق، یو پی ایس سی کے امیدواروں کا ایک گروپ منگل کو شام 7 بجے بڑا بازار میں حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے بینرز اور پوسٹروں کے ساتھ جمع ہوا، اور مطالبہ کیا کہ مزید کوششوں کی اجازت دی جائے۔
پولیس نے کہا کہ اس گروپ نے وہاں مظاہرہ کرنے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی لیکن اسے مسترد کر دیا گیا۔ مظاہرے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے مظاہرین کو جگہ خالی کرنے کو کہا لیکن امیدواروں کے گروپ نے جارحانہ ہو کر حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ پولیس نے مظاہرین کو منانے کی بارہا کوشش کی لیکن وہ دھرنا اور احتجاج جاری رکھے ہوئے تھے۔ جس کے بعد پولیس کو صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی پولیس فورس طلب کرنا پڑی اور مظاہرین کو احتجاجی مقام سے ہٹا دیا گیا۔ راجندر نگر پولیس اسٹیشن میں 65 ڈی پی ایکٹ کے تحت تقریباً 40 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا اور بعد میں انہیں رہا کیا گیا۔
یو این آئی