نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کے انتقال پر 'بھارت جوڑو یاترا' ہفتہ کو ایک دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ جالندھر کے ایم پی سنتوکھ سنگھ چودھری کے اچانک انتقال کی وجہ سے بھارت جوڑو یاترا کو 24 گھنٹے کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اب یاترا کل دوپہر جالندھر کے خالصہ کالج گراؤنڈ سے شروع ہوگی۔
یاد رہے کہ بھارت جوڑو یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ چل رہےکانگریس کے رکن پارلیمان سنتوکھ سنگھ کا انتقال ہوگیا۔ اس یاترا کے دوران اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ انہیں پھگواڑہ کے ویرک ہسپتال لے جایا گیا۔ جہاں ان کی موت ہو گئی۔ وہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ چل رہے تھے تبھی ان کے دل کی دھڑکن تیز ہو گئی۔ راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا روک کر ہسپتال پہنچے۔ راہل گاندھی کا یاترا آج صبح 7 بجے لدھیانہ کے لوڈووال سے شروع ہوا۔ سنتوکھ سنگھ جالندھر سیٹ سے کانگریس کے ایم پی تھے۔ وہ 18 جون 1946 کو پیدا ہوئے اور وہ سیاست کے علاوہ وکالت کے پیشے میں بھی سرگرم رہے۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا 30 جنوری کو سری نگر، کشمیر میں ختم ہوگی۔ راہل گاندھی کشمیر کے لال چوک پر ترنگا لہرا کر یاترا کا اختتام کریں گے۔ کانگریس بھارت جوڑو یاترا کے اختتام پر اپوزیشن اتحاد کی طاقت دکھانا چاہتی ہے، جس کے لیے 21 جماعتوں کے رہنماؤں کو دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Santokh Singh Chaudhary Passes Away کانگریس ایم پی سنتوکھ سنگھ چودھری کا انتقال
یواین آئی