'پیارے نبیؐ سب کے لیے' مہم کا نقشہ اس مقصد کے ساتھ تیار کیا گیا ہے کہ پیارے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت و تعلق کا اظہار ہو اور پیارے نبی کی عالمی تعلیمات کو فروغ دیا جاسکے۔
اسی سلسلے میں 'بنگلورو مسلمز' کے نام سے ایک ٹیم بنائی گئی ہے جس میں مختلف مسالک و جماعت سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین شامل ہیں جنہوں نے اس پہل میں اپنے وقت و مال کو صرف کرنے کا عہد کیا ہے۔ یہ مہم نومبر کے کل 4 ہفتوں پر مشتمل ہوگی۔
اس مہم سے وابستہ اکثر و بیشتر افراد اپنے اپنے شعبوں کے ماہرین اور ذمہ داران ہیں۔
اس مہم کے تحت 8 مختلف سرگرمیاں ہونگی جنہیں اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس سے لوگوں کو نہ صرف بیدار کیا جائے بلکہ ان موضوعات کے متعلق معلومات بھی فراہم کی جائے گی۔
ٹیم بنگلورو مسلمز کی ہوئی ایک پلاننگ میٹنگ میں ان 8 سرگرمیوں کو عملی طور پر تیار کیا گیا ہے:
- 1. پانی کی بچت
- 2. شجر کاری
- 3. بیماروں کی تیمارداری
- 4. پڑوسیوں سے رابطہ
- 5. صفائی
- 6. خون کا عطیہ
- 7. یتیم بچوں سے شفقت و محبت
- 8. مساجد کا دورہ
اس موقع پر مہم کے کنوینر تنویر احمد نے بتایا کہ 'پیاری نبیؐ حضرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ سارے عالم کے لیے ہیں۔ یہ بہترین موقع ہے کہ ہم خود بھی نبی کریم صلعم کی تعلیمات کو سیکھیں اور ان کی عالمگیر تعلیمات کے فوائد کو عام کریں'۔
شجرکاری مہم کے ذمہ دار فیضان کہتے ہیں کہ عموماً عوام الناس کے نزدیک یہ تاثرات ہیں کہ پیغمبر اسلام کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات صرف مسلمانوں کے لئے ہیں جب کہ سچی بات یہ ہے کہ یہ تعلیمات عالمگیر ہیں اور ہر زمانہ اور ہر دور میں لاگو کئے جاسکتے ہیں اور ان سے بھرپور استفادہ کیا جاسکتا ہے-
مزید پڑھیں : 'مسلمانوں کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت'
اس موقع پر شرین سلطانہ نے ای ٹی وی کو بتایا کہ 'ہم نے ماہ ربیع الاول میں اپنے اوقات کو اس مہم کے نذر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم عوام الناس تک پیارے نبی کی تعلیمات کو نہ صرف اپنوں تک بلکہ ہمارے دوسرے احباب تک (برادران وطن) بھی پہنچائیں گے'۔