کیرالہ میں ایڈُکی ضلع کے راجمالہ میں جمعہ کو شدید بارش ہونے کے سبب تودہ کھسکنے سے کم سے کم 10 افراد کی موت ہو گئی اور دیگر 85 افراد لاپتہ ہو گئے، اس دوران 16 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی رات سے علاقے میں شدید بارش ہو رہی ہے جس کے سبب مُنار میں راجمالہ کے پیٹیمُڈی میں علی الصباح تقریباً چار بجے تودہ کھسکنے کا یہ واقعہ ہوا۔
جائے وقوع سے 10 لاش برآمد کی گئی ہیں جبکہ 16 افراد کو بچا لیا گیا ہے جن میں سے چار افراد کی حالت سنگین ہے۔
بچائے گئے لوگوں کو کنَّن دیون ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ اس علاقے سے دیگر علاقوں کا رابطہ کم ہونے کے سبب واقعہ کے بارے میں کئی گھنٹوں بعد صبح پتہ چل سکا۔
نیشنل ڈیزاسٹر رسپونس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور راحت رسانی کا کام شروع کر دیا۔ ایک افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ راحت اور بچاؤ مہم کے تحت لوگوں کو طیارے کے ذریعے نکالنے کی کوششیں بھی موسم خراب ہونے کے سبب فی الحال کامیاب نہیں ہو پا رہی ہیں۔ پڑوسی ضلع کے اسپتالوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
شروعاتی گھنٹوں میں پولیس یا محکمہ محصولات کے افسر جائے وقوع تک نہیں پہنچ پائے تھے کیونکہ گزشتہ رات کو علاقے کو جوڑنے والا پیریاورم پل سیلاب سے تباہ ہو گیا تھا۔ مُنَّار سے تقریباً 30 کلومیٹر دور یہ تودہ کھسکا لیکن علاقے کے خراب بنیادی ڈھانچے کے سبب بچاؤ مہم میں تاخیر ہوئی۔ اس علاقے کے ایراویکُلم نیشنل پارک کا حصہ ہونے کے سبب ترقیاتی کام کافی کم ہوئے ہیں۔
تودہ کھسکنے سے بڑی تعداد میں لوگوں کے دبنے کا اندیشہ ہے جن میں سے زیادہ تر کَنَّن دیو گن باغان کے مزدور ہیں جو وہاں 20 گھروں میں رہتے تھے۔