تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھر راؤ نے کہا ہے کہ 'وہ ذاتی طور پر وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے اور سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راو کو بعد از مرگ بھارت رتن دینے کی درخواست کریں گے۔
وزیراعلی کے چندریشیکھر راؤ نے کہا کہ 'ملک کا سب سے بڑا سویلین اعزاز بھارت رتن سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کو دیا جائے'۔
انھوں نے بتایا ہے کہ 'نرسمہا راؤ نے ملک کی تقدیر کو بہتر طور پر تبدیل کیا تھا۔ وہ اس ایوارڈ کے مستحق ہیں'۔
کے سی آر کے مطابق ' تلنگانہ کی ریاستی کابینہ اور ریاستی مقننہ اس سلسلے میں ایک قرارداد پاس کرے گی'۔
ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے نرسمہا راؤ کی پیدائش کی صد سالہ تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
کے سی آر نے اعلان کیا کہ 'پی وی نرسمہا راو سے متعلق تقریبات کے لئے 10 کروڑ روپئے منظور کیے جائیں گے'۔
کے سی آر نے کہا کہ 'پی وی نرسمہا راو نے متعدد شعبوں میں نمایاں حیثیت سے خدمات انجام دی۔ ریاستی حکومت نے سال بھر کی تقریبات کا اہتمام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ '28 جون کو پی وی نرسمہا کی یوم پیدائش کے موقع پر مرکزی پروگرام حیدرآباد کے پی وی گونا بھومی میں منعقد کیا جائے گا۔ اسی دوران تقریبات پوری دنیا کے مختلف 50 مقامات پر بھی منعقد کی جائے گی'۔
کے سی آر نے کہا کہ 'ایک پی وی میموریل سابق صدر عبد الکلام اے پی جے کی یادگار کی طرح تعمیر ہونا چاہئے۔ ایم پی ڈاکٹر کیشیو راؤ کی سربراہی میں ایک ٹیم رامیسرم کا دورہ کرے گی اور پی وی میموریل پر حکومت کو مشورے دے گی'۔
انہوں نے عہدیداروں کو حیدرآباد، ورنگل، کریم نگر، ونگارا اور دہلی کے تلنگانہ بھون میں پی وی کے پانچ کانسی کے مجسمے لگانے کی بھی ہدایت دی ہے۔
تلنگانہ اسمبلی میں پی وی کا ایک پورٹریٹ رکھا جائے گا۔ ریاستی حکومت مرکز سے پی وی کی تصویر پارلیمنٹ میں رکھنے کی درخواست کرے گی۔
کے سی آر نے بتایا ہے کہ 'نرسمہا راؤ مجاہد آزادی، سیاسی رہنما، صحافی ، متعدد زبانوں کے ماہر اور کئی مصنف کی حیثیت سے اپنی خدمات پیش کیں۔ بین الاقوامی معیار کے لحاظ سے ایک خصوصی سوینئر (کتاب) شائع کیا جائے گا۔ جس میں نرسمہا راؤ کی وسیع شعبوں میں خدمات، نمایاں کارکردگی اور دیگر صفات کا خصوصی تذکرہ ہوگا'۔
انہوں نے کیشیو راؤ کی سربراہی میں قائم صد سالہ تقریبات کمیٹی سے صدر رام ناتھ کووند اور وزیراعظم مودی کو بھی صد سالہ تقریبات میں مدعو کیا ہے۔
سابق صدر پرنب مکھرجی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ سے بھی نرسمہا راؤ کا خصوصی تعلق تھا۔ لہذا انہوں نے خصوصی پروگرام تیار کرنے کے لئے کہا جس میں یہ دونوں حصہ لیں گے۔