ریاست اتر پردیش کے ضلع گونڈہ میں گذشہ روز دو گروہوں کے مابین لڑائی کے دوران فائرنگ میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے لاک ڈاؤن کے دوران پیش آئے اس واقعات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کے عہدیداروں کو متنبہ کیا۔
تراب گنج سرکل آفیسر مہاویر سنگھ نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھ لوگ عمری بیگم گنج علاقے کے پارسپٹی مجھوار گاؤں میں منریگا کی ادائیگیوں میں بے ضابطگی کے تعلق سے شکایات درج کرانے گئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران شکایت کرنے والوں اور گاؤں کے سربراہ کے حامیوں کے درمیان باتیں ہورہی تھیں تبھی ایک گروپ نے گولیاں چلائیں۔
انہوں نے بتایا کہ دیویندر پرتاپ سنگھ، کنہیالال پاٹھک گولیوں کا نشانہ بنے اور دونوں افراد ضلعی ہسپتال لے جانے کے دوران دم توڑ گئے۔
پولیس نے بتایا کہ چندر موہن یادو، وجئے کمار سنگھ اور اتول سنگھ اس حملہ میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وجئے کمار شدید زخمی ہوئے ہیں جس کی سبب انہیں لکھنؤ علاج کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ سینئر عہدیدار گاؤں پہنچ گئے ہیں اور علاقے میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
لکھنؤ میں ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلی نے گونڈا کے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے لاک ڈاؤن کے دوران پیش آنے والےاس واقعہ کے لئے ڈی ایم اور ایس پی کو انتباہ کیا ہے اور اسلحہ کو فوری ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے عہدیداروں سے بھی کہا کہ وہ زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ اترپردیش کے ضلع گونڈہ میں جمعہ کے روز دو گروپوں کے مابین لڑائی کے دوران فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئےہیں۔