میگھالیہ کے گورنر اور سابق مرکزی وزیر ستیہ پال ملک، آئندہ 17 اکتوبر کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی آن لائن سر سید ڈے یادگاری تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔
سوشل ڈسٹنسنگ پر حکومت ہند کی رہنما ہدایات کے مطابق اے ایم یو کے بانی سرسید احمد خاں کے 203 ویں یوم پیدائش پر آن لائن تقریب صبح گیارہ بجے سے دوپہر ایک بجے تک منعقد ہوگی اور گورنر اپنی تقریر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پیش کریں گے۔ پورے پروگرام کو ناظرین کے لئے ویب کاسٹ کیا جائے گا۔
کووڈ 19 کے باعث سرسید ڈے کی تقریب اس سال آن لائن منعقد ہو رہی ہے، جس کا اہتمام پوری شان وشوکت کے ساتھ کیا جائے گا۔
اے ایم یو کا سالانہ اجلاس جسے 'سرسید ڈے' کے طور پر ہر برس منایا جاتا ہے یہ رواں برس صد سالہ تقریبات کا حصہ ہوگا اور اس اہم ترین تقریب میں اس شخصیت کو یونیورسٹی کی سالانہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے لیے مدعو کیا جا رہا ہے، جن کے دور میں بھارت کی تاج سمجھی جانے والی ریاست جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت دفعہ 370 اور 35 اے کو مرکز کی مودی حکومت نے منسوخ کردیا تھا اور اسے مرکز کے زیرانتظام دو علاقوں میں منقسم کر دیا تھا۔
ستیہ پال ملک کے گورنر رہتے ہوئے کشمیر کی نہ صرف ریاستی حیثیت چھین لی گئی بلکہ وادی میں 5 اگست سنہ 2019 کے بعد سخت ترین بندشیں عائد کر دی گئیں۔ 4جی انٹرنیٹ خدمات معطل کردی گئیں جو اب بھی معطل ہیں۔