مختلف شعبوں کی سات نمایاں شخصیات کو پدم ویبھوشن، 16کو پدم بھوشن اور 118 افراد کو پدم شری ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، صدر رامناتھ کووند نے ان ناموں کو منظوری دے دی ہے۔
پدم ایوارڈ کی فہرست میں ممتاز سماج وادی رہنما آنجہانی جارج فرنانڈیز، سابق مرکزی وزیر آنجہانی ارون جیٹلی اور آنجہانی سشما سوراج کو بعد از مرگ اور عظیم مکے باز ایم سی میری کوم سمیت سات شخصیات کو پدم ویبھوشن سے نوازا جائے گا۔
پدم ویبھوشن کے لیے منتخب آنجہانی فڑنانڈیز، آنجہانی ارون جیٹلی، آنجہانی سشما سوراج اور میری کوم کے علاوہ عوامی خدمات کے لیے انیرودھ جگناتھ، کلاسیکی گلوکار چھنو لال مشرا اور سوامی پیجاورا ادھوکھاجہ ماتا اوڈپی (بعد از مرگ) کے نام شامل ہیں۔
اس کے علاوہ صنعت کار آنند مہندرا، سابق مرکزی وزیر منوہر پاریکر اور بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو سمیت 16افراد کو پدم بھوشن اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
یوم جمہوریہ سے قبل معاشرہ کی تخلیقی ترقی کے لئے 21 لوگوں کو پدم شری ایوارڈ دیئے جانے کا اعلان کیا گیا۔
صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے ان ناموں کو منظوری دی ہے، یہ ایوارڈ ان خاص افراد کو دیئے جاتے ہیں جو سماج کی ترقی کے لیے تخلیقی اور غیر معمولی کام کرکے لوگوں کے لیے مثال بن گئے ہیں۔
پدم شری یافتہ افراد میں لنگر بابا کے نام سے مشہور جگدیش لال آہوجہ، چاچا شریف نام سے مشہور محمد شریف، جاوید احمد تاک، ونکوش تلسی گوڑا، بھوپال کی آواز کے نام سے جانے والے عبدالجواب اور سلبھ سے سوچھ اوشا چومار وغیرہ کا نام شامل ہے۔
اس فہرست میں بالی وڈ سے تعلق رکھنے والی چار شخصیات فلمساز و ہدایتکار کرن جوہر اور ایکتا کپور، گلوکار عدنان سمیع اور اداکارہ کنگنا راناوت کا نام شامل ہے۔