اس 15 رکنی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی راس ٹیلر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ٹیلر کا یہ چوتھا عالمی کپ ہوگا۔ یک روزہ عالمی کپ رواں برس 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔
کین ولیمسن کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ ولیمسن کا یہ تیسرا یک روزہ عالمی کپ ہوگا اسی کے ساتھ ٹم ساؤتھی اور مارٹن گپٹل بھی تیسری بار عالمی کپ میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
تیز گیند بازوں میں ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی اور لوکی فرگیوسن کو شامل کیا گیا ہے جبکہ مچل سینٹنر اور ایش سوڈھی کو بطور اسپنر منتخب کیا گیا ہے۔ کولن ڈی گرینڈ ہومے اور جمی نیشام کو بطور آل راؤنڈر ٹیم میں جگہ ملی ہے۔
ٹام لاتھم کو وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹام بلنڈیل کو بھی متبادل وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔
2015 عالمی کپ میں نیوزی لینڈ نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی لیکن اسے آسٹریلیا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ 25 مئی کو بھارت کے ساتھ ایک وارم اپ میچ کھیلے گا۔
ٹیم اس طرح ہے۔
کین ولیمسن(کپتان)، راس ٹیلر، ٹام لاتھم(وکٹ کیپر)، ٹام بلنڈیل(وکٹ کیپر)، مچل سینٹنر، کولن ڈی گرانڈ ہومے، لوکی فرگیوسن، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ، کولن منرو، ایش سوڈھی، ہینری نکولس، مارٹن گپٹل، میٹ ہینری اور جمی نیشام۔