ریاست اتر پردیش کے ضلع ہردوئی پولیس نے 37 برس سے فرار قتل کے مجرم کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس اسے بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے۔
نابالغ عمر میں قتل کرکے جیل جانے کے بعد ضمانت پر رہا ہوا شخص اب بڑھاپے میں گرفتار ہوا ہے۔ پولیس تقریباً 37 برس سے اس شخص کی تلاش میں تھی۔ اب اس کی عمر انداز اطوار چہرہ سب کچھ بدل چکا ہے۔
دراصل کوتوالی شہر علاقے کے اخناپر میں تقریبا چالیس سال پہلے ہوئے ایک قتل میں راج کمار ولد شری کرشن کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے دفعہ 302/ 325 کا مجرم قرار دیتے ہوئے راجکمار کو بیس برس کی قید اور چھ ہزار روپے کا جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔
اس وقت راج کمار کی عمر محض 15 سال تھی لیکن کچھ ہی سالوں میں ہائی کورٹ میں اپیل کے بعد راجکمار کو ضمانت مل گئی۔ جیل سے نکل کر راجکمار پھر فرار ہوگیا اور اس کی تلاش میں پولیس لگی رہی لیکن کافی مشقت کے بعد بھی یہ شخص پولیس کے ہاتھ نہیں لگا۔
آخر کار پولیس نے اس قتل کے مجرم پر 25000 کے انعام کا اعلان کردیا، لیکن پھر بھی پولیس کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔ 37 برس کے بعد آج پولیس نے اس قتل کے مجرم کو گرفتار کرلیا۔