ملاپورم ضلعی انتظامیہ کو مطلع کیا گیا ہے کہ کوزی کوڈ طیارے حادثے میں شدید زخمی ہونے والے 14 افراد کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ ملاپورم اور کوزی کوڈ کے مختلف اسپتالز سے اب تک 49 افراد کو ڈسچارج کیا گیا ہے جبکہ باقی 109 مسافر الگ الگ اسپتالز میں زیر علاج ہیں۔
ملاپورم کے ضلعی کلکٹر کے گوپال کرشنن نے بتایا کہ 'ایئر انڈیا ایکسپریس طیارے کے کم سے کم 14 مسافروں کی حالت بہت خراب ہے، جو کیری پور ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا جس میں پائلٹ اور شریک پائلٹ سمیت 19 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ طیارہ لینڈنگ کے دوران ایئرپورٹ پر ٹیبلٹ رن وے کے قریب 35 فٹ نیچے ایک وادی میں گر گیا اور دو حصوں میں ٹوٹ گیا'۔
گوپال کرشنن نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ 'ابھی تک 49 افراد کو ملاپورم اور کوزی کوڈ کے مختلف اسپتالز سے فارغ کیا گیا ہے۔ 14 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ باقی 109 افراد مختلف اسپتالز میں زیر علاج ہیں'۔
اطلاع کے مطابق پائلٹ اکھلیش کمار کی آخری رسومات اتوار کے روز ان کے اہل خانہ نے ادا کی جس میں ایئر انڈیا ایکسپریس کے عہدیدار بھی شامل تھے۔