بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک میٹنگ میں سینئر وزراء اور حکام کے ساتھ بھارتی کھلونوں کی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے اور ان کی پوری دنیا میں شناخت بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ بھارتی کھلونوں کے خود ملکی اور بین الاقوامی مارکٹ میں بے شمار امکانات ہیں اور خودانحصار بھارت اسکیم کے تحت مقامی مصنوعات کو فروغ دے کر کھلونا صنعت میں بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
میٹنگ میں اس با ت پر بھی بات چیت ہوئی کہ کھلونے سماجی تبدیلی کا ذریعہ بن کر کس طرح سے قوم کی آئندہ نسل کو ایک نئی جہت دے سکتے ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے بچے کی ذہنیت کو تشکیل دینے میں کھلونوں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 'آنگن واڑی مراکز اور اسکولز میں بچوں کی ہمہ جہت ترقی کے لئے اس پر توجہ دیے جانے کی ضرورت ہے'۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ 'نوجوانو ں کو اس طرح کے ڈیزائن تیار کرنے چاہئیں جو قومی اہداف اور حصولیابیوں کے بارے میں فخر کا جذبہ پیدا کریں'۔
مودی نے کہا ہے کہ 'کھلونے ایک بھارت اور بہترین بھارت کے جذبہ کو فروغ دینے کا شاندار ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں۔'
- مزید پڑھیں: 'رواں برس کے آخر تک کورونا ویکسین کی امید'
انہوں نے مزید کہا ہے کہ 'کھلونوں کے ذریعہ اقدار اور ماحول دوست رویہ بھی دکھایا جاسکتا ہے۔ نوجوانوں اور طلبا کے لئے اس سلسلہ میں سرکاری پروگرام ہیکاتھن کا اہتمام کیا جانا چاہئے'۔