مرکزی وزارتِ صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا ہے کہ 'بھارت رواں برس کے آخر تک کورونا وائرس (کووڈ۔19) کی ویکسین حاصل کر لے گا'۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) کے ہیڈکوارٹر کے آٹھویں کور اسپتال کے افتتاح کے موقع پر یہ بات کہی ہے۔
انہوں نے دیر رات اس سلسلہ میں کئی ٹویٹ بھی کئے۔ انہوں نے کہا کہ 'ملک نے ایک دن میں دس لاکھ سے زیادہ کووڈ۔ 19 ٹیسٹ کر کے ایک بڑا مقام حاصل کیا ہے۔ اس اعداد و شمار کو ہم نے مقررہ وقت سے چھ ہفتے پہلے حاصل کر لیا ہے'۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ 'میں نے کہا کہ بھارت کے پاس مثالی صلاحیت اور اہلیت ہے۔ ہم ایک طرف جہاں ٹریکنگ، ٹیسٹنگ اور ٹریٹمنٹ پر زور دے رہے ہیں، وہیں دوسری طرف ہمارے سائنسداں جلد از جلد کورونا کو شکست دینے کے لئے ویکسین تیار کرنے میں مصروف ہیں'۔
مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ 'بھارت دنیا سے بہتر حالت میں ہے۔ ملک میں کووڈ۔19کے مریض اب تیزی سے ٹھیک ہو رہے ہیں اور ہماری قومی ریکوری شرح 75 فیصد کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ اموات کی شرح پوری دنیا میں سب سے کم 1.87 فیصد ہے'۔
کورونا ویکسین سے منسلک سوال پر ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ 'ملک میں تین ادارے اس سمت میں کام کر رہے ہیں۔ ان میں سے ایک ادار ہ کا ٹرائل پہلے اور دوسرے کا دوسرے مرحلہ میں ہے جبکہ تیسرے ادارہ کا تیسرے مرحلہ میں ہے'۔