مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ احتجاجی مظاہروں کے باوجود شہریت ترمیمی قانون کو منسوخ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف اس معاملہ میں عوام کو گمراہ کررہی ہے۔
امیت شاہ نے سی اے اے کی تائید میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بلند اور آسمان کو چھونے والے رام مندر کی تعمیر ایودھیا میں تین مہینوں کے اندر شروع ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون میں ایسی کوئی شق موجود نہیں ہے جس سے کسی کی شہریت چھینی جاسکتی ہے۔ اس سلسلہ کانگریس ، سماج وادی پارٹی ، بی ایس پی اور ترنمول کانگریس کی جانب سے غلط افواہ پھیلائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی اے اے شہریت دینے کا قانون ہے اور واضح کیا کہ احتجاج کے باوجود یہ قانون منسوخ نہیں کیا جائے گا۔ امیت شاہ نے کانگریس حزب اختلاف کے رہنماؤں کو چیلنج کیا کہ وہ عوامی فورم میں سی اے اے پر ان کے ساتھ بات چیت کریں۔
انہوں نے چیلنج کے دوران کانگریس رہنما راہل گاندھی ، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو ، بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی اور ترنمول کانگریس کے سربراہ ممتا بنرجی کا نام بھی لیا۔
امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی ووٹ بینک کے لیے اندھی ہوگئی ہے۔ انہوں نے تقسیم ہند کے لیے بھی کانگریس کو ذمہ دار قرار دیا۔