مالیگاؤں بم دھماکے کی ملزمہ اور بی جے پی کی رکن پارلیمان سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے راہل گاندھی سے متعلق متنازع بیان دیاہے۔
سادھوی پرگیہ سنگھ بھوپال میں واقع بی جے پی کے ریاستی دفتر میں ایک پروگرام کے بعد بھارت چین تنازع پر کانگریس کے الزامات پر بات کررہی تھیں۔
انہوں نے متنازع بیان میں کہا کہ 'ایک غیر ملکی خاتون سے پیدا ہوا شخص کبھی محب وطن نہیں ہو سکتا ۔'
نامہ نگاروں کے ایک سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ 'کانگریس کو تو اپنے گریباں میں جھانک کر دیکھنا چاہیے، ان میں نہ تو بولنے کی تہذیب ہے، نہ ہی پارٹی میں، نہ ہی ان کی پارٹی میں حب الوطنی ہے، میں ایک بات کہوں گی حب الوطنی آئے گی کہاں سے، جب دو ملکوں کی شہریت لے کر رہیں گے۔'
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی قیادت میں ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔'
سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے اس متنازع بیان پر کانگریس کے میڈیا سیل کے انچارج اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر جیتو پٹواری نے پرگیہ ٹھاکر کا نام لیے بغیر ہی ان پر طنز کیا اور کہا کہ 'کوئی محب وطن دہشت گرد نہیں ہو سکتا ہے، کوئی بھی گوڈسے کا چاہنے والا محب وطن نہیں ہو سکتا ہے۔'
اس دوران جیتو پٹواری نے سنسکرت کا مقولہ بھی مشترک کیا 'جوکی رہی بھاونا جیسی، پربھو مورت دیکھی تن تیسی'۔ پٹواری بالواسطہ طور پر مہاراشٹرا کے مالیگاؤں میں سنہ 2008 بم دھماکے کی ایک ملزمہ پرگیا ٹھاکر کا حوالہ دے رہے تھے۔
قبل ازیں پرگیہ ٹھاکر نے الزام لگایا تھا کہ کانگریس کی جانب سے نو برس تک انہیں کیے گئے ہراسانے کی وجہ سے وہ آج تک صحت کے مسائل کا شکار ہیں، چھٹے بین الاقوامی یوگا دیوس کے موقع پر بی جے پی کے دفتر میں پارٹی کارکنان کے ساتھ یوگا کرنے کے بعد پرگیہ نے 2008 کے مالیگاؤں بم دھماکوں کے معاملے میں جیل میں گزارے نو برس کو یاد کیا تھا۔