بالی وڈ اداکارہ اور رقاصہ ہیما مالنی نے تقریباً پانچ دہائیوں کے اپنے کیریئر میں کئی سپر ہٹز فلمیں دی ہیں، حالانکہ ایک وہ بھی وقت تھا، جب ان کے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں انہیں ایک ہدایت کار نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ ان میں اسٹاروں والی بات نہیں ہے۔
بالی وڈ اداکارہ ہیمامالنی 16 اکتوبر سنہ 1948 کو بھارت کے شہر امنکندی میں پیدا ہوئیں، ان کی ماں جیا چکرورتی فلم ساز تھیں، گھر میں فلمی ماحول ہونے سے ہیما کا جھکاؤ بھی فلموں کی جانب ہو گیا۔
انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم چنیئی سے مکمل کی، وہ ایک بھارتی اداکارہ، ڈائریکٹر، پروڈیوسر، کوریوگرافر کے ساتھ ساتھ ایک سیاست داں اور متھرا پارلیمانی حلقے سے رکن پالیمان بھی ہیں۔
انہوں نے اپنی فلمی کیرئر کا آغاز سنہ 1965 میں ایک تیلگو فلم سے کیا، جبکہ سنہ 1968 میں بالی ووڈ کی فلم 'سپنوں کا سوداگر' ان کی شہرت کا باعث بنی۔ ہیما مالنی فلمی دنیا میں ڈریم گرل کے نام سے مشہور ہیں۔
ہیما کو پہلی کامیابی سنہ 1970 میں آئی فلم 'جانی میرا نام' سے حاصل ہوئی۔ اس فلم میں ان کے ساتھ اداکار دیو آنند اہم کردار میں تھے۔
فلم میں ہیما اور دیو آنند کی جوڑی کو ناظرین نے بےحد پسند کیا اور یہ فلم سپر ہٹ رہی۔ اس کے بعد رمیش سپی کی سنہ 1971 میں آئی فلم 'انداز' میں انہوں نے اپنی اداکاری سے ناظرین کو مسحور کردیا۔
سنہ 1972 میں ہیما کو رمیش سپی کی ہی فلم 'سيتا' اور 'گیتا' میں کام کرنے کا موقع ملا جو ان کے فلمی کیریئر کے لیے سنگ میل ثابت ہوئی۔
اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ شہرت کی بلندیوں پر جا پہنچیں، فلم میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے وہ بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازی گیئں۔
سلور اسکرین پر ہیما کی جوڑی دھرمیندر کے ساتھ بہت پسند کی گئی۔ یہ جوڑی سب سے پہلے فلم شرافت میں آئی تھی۔ سنہ 1975 میں آئی فلم شعلے میں دھرمیندر نے ویر اور ہیما نے بسنتی کے کردار میں ناظرین کا بھرپور انٹرٹنمنٹ کیا۔
ان کی یہ جوڑی اتنی زیادہ پسند کی گئی کہ دھرمیندر کی فلمی ڈریم گرل ہیما ان کی حقیقی زندگی کی ڈريم گرل بن گیئں۔ اس کے بعد اس جوڑی نے ڈریم گرل، چرس، آس پاس، پرتگیہ، راجا جانی، رضیہ سلطان، علی بابا چالیس چور، بغاوت، دا برننگ ٹرین، دوست وغیرہ جیسی فلموں میں کام کیا۔
ستر کی دہائی میں ہیما پر یہ الزام تراشی بھی ہونے لگی کہ وہ صرف گلیمر والے کردار ہی ادا کرسکتی ہیں، لیکن انہوں نے سنہ 1975 میں آنے والی فلم 'خوشبو کنارہ' جیسی فلموں میں سنجیدہ کردار نبھا کر ناقدین کو ہمیشہ کے لیے خاموش کردیا۔
سنہ 1990 میں ہیما نے چھوٹے پردے کی طرف بھی رخ کیا اور سیریل نوپور کی ہدایت کاری بھی کی، اس کے بعد سنہ 1992 میں فلم اداکار شاہ رخ خان کو لے کر انہوں نے فلم دل آشنا ہے کی تخلیق اور ہدایتکاری کی۔
سنہ 1995 میں انہوں نے چھوٹے پردے کے لیے بھی موہنی کی تخلیق اور ہدایت کا کام کیا۔
ہیما مالنی نے اپنے پانچ دہائی کے فلمی کیریئر میں ایک سو پچاس سے زائد فلمز میں کام کیا ہے، شاید ہی ان کا کوئی ایسا روپ ہو جسے شائقین نے سراہا نہ ہو۔
خوبصورتی کی پیکر اور دھیمے لب ولہجے کی مالک ہیما مالنی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے علاوہ ہندسرکار نے سنہ 2000 میں پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازا، اور اداکاری کے بعد سیاست میں آئیں تو وہاں بھی اپنے گہرے نقوش چھوڑے۔