امیدوار الیکشن جیتنے کے لیے ہی انتخابات میں قسمت آزمائی کرتے ہیں لیکن اترپردیش کے بریلی شہر کے رہنے والے ایک شخص کا مقصد بالکل اس کے بر عکس تھا، انہوں نے اپنی زندگی میں 300 سے زیادہ الیکشن صرف ہارنے کے لیے لڑے ہیں۔
ریاست اتر پردیش میں ایک ایسا بھی شخص گزرا ہے جنہوں نے اپنی زندگی میں میونسپل کاؤنسلر سے لے کر صدر جمہوریہ تک کے تقریباً 300 سے زائد الیکشن لڑے ہیں لیکن ایک بھی مرتبہ کامیاب نہیں ہوئے۔
اترپردیش کے شہر بریلی کے رہنے والے کاکا جوگندر سنگھ عرف دھرتی پکڑ نامی شخص نے اپنی زندگی میں 300 مرتبہ مختلف الیکشن میں قسمت آزمائی کی ہے، لیکن کسی میں بھی کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔ اس معاملے میں ان کے پوتے سے جب بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ کاکا جوگندر سنگھ کا مقصد بالکل مختلف تھا ان کا مقصد الیکشن جیتنے کا نہیں بلکہ ہارنے کا ہوتا تھا۔
وہ ایک مرتبہ جہاں سے پرچہ نامزدگی داخل کرتے تھے تو اسے واپس نہیں لیتے تھے، اس لیے انہیں دھرتی پکڑ کا لقب دیا گیا تھا۔
کاکا جوگندر کے پوتے جسوندر سنگھ نے کہا کہ ایک مرتبہ مشہور ٹی وی شو 'کون بنے گا کروڑ پتی 'میں بھی ایک سوال کیا گیا تھا کہ ایسا کون سا شخص ہے جس نے اب تک سب سے زیادہ الیکشن لڑا ہے۔ اس سوال کے آپشن میں کاکا جوگندر سنگھ دھرتی پکڑ کا بھی نام شامل تھا۔