سپریم کورٹ کے پھٹکار کے بعد آخر کار گیارہ ماہ بعد غازی پور بارڈر سے بیریکیڈنگ ہٹائی جارہی ہے۔ یہ بیریکیڈنگ کوئی اور نہیں بلکہ خود دہلی پولیس کے اہلکار ہٹارہے ہیں، حالانکہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک دہلی کے مختلف بارڈرس پر جاری ہے۔ جگہ جگہ پولیس کی بریکیڈنگ بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
غازی پور بارڈر پر قومی شاہراہ 9 پر گزشتہ 11 مہینے سے لگی بیریکیڈنگ کو بھی دہلی پولیس نے پوری طرح سے ہٹادیا ہے حالانکہ وہاں پر کسانوں کے اسٹیج اور ٹینٹ ہنوز لگے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ٹیکری بارڈر پر بریکیڈنگ ہٹائی گئی تھی۔ اب جب کہ ان دونوں بارڈرس پر بیریکیڈنگ ہٹ گئی ہے تو کسان رہنماؤں نے دہلی کی طرف بڑھنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
کسان رہنماؤں نے پہلے ہی کہا تھا کہ راستہ کھلتے ہی وہ ٹریکٹر لے کر دہلی کوچ کریں گے۔ کسانوں کی اس تنبیہ کے بعد دہلی پولیس الرٹ ہوگئی ہے اور سیکورٹی بھی بڑھادی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ سنگھو بارڈر پر کسانوں کا احتجاج جاری
قابل ذکر ہے کہ غازی پور بارڈر سے بیریکیڈنگ ہٹائے جانے کے درمیان کسان نے سڑک پر ہی زرعی قوانین کی مخالفت کرنی شروع کردی۔ کسان بیریکیڈنگ ہٹائے جانے والے راستہ پر احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے اور یہ دیکھ کر دہلی پولیس نے راستہ کھولے جانے کا کام روک دیا۔ جس کے بعد مظاہرین کسانوں کا واپس اسٹیج کی طرف لوٹنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بیریکیڈنگ ہٹنے کے بعد کچھ کسان اسٹیج پر پہنچے تو کچھ کسانوں نے شاہراہ کے نیچے کبڈی کھیلنا شروع کردیا۔ یہ دیکھ کر شاہراہ پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہونی شروع ہوگئی۔